یواین آئی
نئی دہلی؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو راجیہ سبھا انتخابات کے لئے مختلف ریاستوں سے نو امیدواروں کی فہرست جاری کی۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور ہیڈکوارٹر انچارج ارون کمار کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق پارٹی نے آسام میں مسٹر مشن رنجن داس، مسٹر رامیشور تیلی، بہار میں مسٹر منن مشرا، ہریانہ میں محترمہ کرن چودھری، مدھیہ پردیش میں مسٹرجارج کورین، مہاراشٹر میں مسٹر دھوریہ شیل پاٹل اوراوڈیشہ میں مسٹر ممتا موہنتا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی نے راجستھان میں سردار نونیت سنگھ بٹو اور تریپورہ میں مسٹر راجیب بھٹاچارجی کو اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے نو ریاستوں میں 12 سیٹوں کے لیے 3 ستمبر کو انتخابات کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ ان انتخابات میں آسام، بہار اور مہاراشٹر سے راجیہ سبھا کے لیے بالترتیب دو-دوسیٹوں، ہریانہ، مدھیہ پردیش، راجستھان، تریپورہ، تلنگانہ اور اوڈیشہ سے بالترتیب ایک ایک سیٹ کے لیے انتخابات ہونے ہیں۔ آسام میں کامکھیا پرساد تاشی اور سروانند سونووال، بہار میں میسا بھارتی اور وویک ٹھاکر، ہریانہ میں دیپندر ہڈا، مدھیہ پردیش میں جیوترادتیہ سندھیا، مہاراشٹر میں چھترپتی ادے راجے بھوسلے، پیوش گوئل، راجستھان میں کے سی وینوگوپال اور تریپورہ میں بپلب کمار دیب کے لوک سبھا رکن منتخب ہونے کی وجہ سے راجیہ سبھا کی سیٹیں خالی ہوئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے 14 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اس کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست تک ہے۔