بیداری کینسر کے خطرے کو کم کر سکتی ہے

0
0

 

 

 

فیروزہ انصاری
پونچھ، جموں

’’تقریباً پانچ سال پہلے مجھے گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس سے پہلے میرے کان کے قریب ایک چھوٹی سی گانٹھ تھی۔ جس پر میں نے بہت زیادہ توجہ نہیں دی تھی۔ آہستہ آہستہ میری بھوک ختم ہونے لگی۔ جب میںنے چیک اپ کرایاتو مجھے معلوم ہوا کہ مجھے کینسر ہے۔اس وقت میرا علاج پی جی آئی، چندی گڑھ میں چل رہا ہے، لیکن جب مجھے کینسر کی تشخیص ہوئی تو میں نے سوچا کہ میں زندہ نہیں رہ سکوں گا، لیکن یہ میری غلط فہمی تھی، اگر اس بیماری کاوقت پر علاج ہو جائے تو اس سے بچا جا سکتا ہے۔ اب میں مکمل طور پر صحت یاب ہو چکا ہوں اور پچھلے چند مہینوں سے اپنا کاروبار بھی کر رہا ہوں۔‘‘ یہ بات جموں کے گورکھا نگر کے رہنے والے 25 سالہ پریت کمار نے بتائی، جسے تقریباً 20 سال کی عمر میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔دراصل کینسر ایک ایسی بیماری ہے جس میں جسم کے کسی بھی حصے کے خلیے مسلسل تقسیم ہونے لگتے ہیں۔ یہ جسم کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں پھیلتا ہے۔ اگر اسے اس کی ابتدائی علامات میں پہچان لیا جائے تو اسے خطرناک صورتحال تک پہنچنے سے روکا جا سکتا ہے۔ لیکن ابتدا میں بیداری کی کمی کی وجہ سے لوگ جسم میں ہونے والی ان تبدیلیوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں جو مستقبل میں کینسر کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 8.8 ملین افراد کینسر سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ’’دی لینسیٹ جرنل‘میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں اس کے بڑھتے ہوئے خطرے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت سمیت سات ممالک میں تمباکو سے ہونے والے کینسر کی وجہ سے ہر سال 13 لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ان سات ممالک میں بھارت، چین، برطانیہ، برازیل، روس، شمالی اور جنوبی امریکی ممالک شامل ہیں۔
اگر ہم صرف بھارت میں کینسر کے متاثرین کی بات کریں تو یہ تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیسز میں ہر سال 12 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 2025 تک کینسر کے مریضوں کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ اگر ہم سال 2020 میں جاری ہونے والی ’’نیشنل کینسر رجسٹری پروگرام‘‘ کی رپورٹ کو دیکھیں تو سال 2020 تک ہندوستان میں 679421 مرد کینسر میں مبتلا تھے۔ بڑھتے ہوئے کیسز کی بنیاد پر اندازہ لگایا گیا کہ سال 2025 تک یہ تعداد بڑھ کر 763575 ہو سکتی ہے۔ سال 2020 میں کینسر میں مبتلا خواتین کی تعداد 7127583 تھی جو 2025 تک 806218 تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ پچھلے سال، 2023 میں کینسر کے مریضوں کی سرکاری تعداد پر لوک سبھا میں جواب دیتے ہوئے، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ’’نیشنل کینسر رجسٹری پروگرام‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں کینسر کے کیسز کی کل تعداد سال 2022 میں 1461427 تھی۔اگر ہم مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کی بات کریں تو یہاں بھی پچھلے کچھ سالوں میں کینسر کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔’’نیشنل کینسر رجسٹریشن‘‘ پروگرام کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2011 میں کینسر کے متاثرین کی تعداد 4556 ریکارڈ کی گئی، سال 2012 میں یہ تعداد 4848، 2013 میں 5068، 2014 میں 5568، 2015 میں 6358، سال 2015 میں 6352 تھی۔ 2016، 2017 میں یہ تعداد بڑھ کر 16480 اور سال 2018 میں کینسر کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 17351 ہو گئی۔ جموں میں پچھلے 4 سالوں میں کینسر کے 51000 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 25 فیصد بریسٹ کینسر کے مریض ہیں۔ پھیپھڑوں کے کینسر کے 13.2 فیصد اور چھاتی کے کینسر کے 16 فیصد کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ کینسر کے ماہرین کے مطابق مردوں میں پائے جانے والے کینسر کی علامات اور خواتین میں پائی جانے والی علامات قدرے مختلف ہیں۔ منہ، پھیپھڑوں، پیٹ اور بڑی آنت کے کینسر ہندوستانی مردوں میں سب سے زیادہ عام کینسر ہیں، جبکہ چھاتی کا کینسر خواتین میں سب سے زیادہ عام کینسر ہے۔ تاہم، ’’سروائیکل اور یوٹرس‘‘جیسے کینسر کے کیسز اب بھی دیہی خواتین میں سب سے زیادہ ہیں۔
کچھ مریض ایسے ہیں جو اس مرض سے بروقت نجات پا چکے ہیں۔ کینسر کے جو مریض باقاعدہ چیک اپ کے دوران ٹھیک ہوئے ان میں جموں کے مشری لال علاقے کا رہنے والے 67 سالہ سکھ دیو راج بھی شامل ہیں۔ جو پچھلے کئی سالوں سے سینے کے کینسر کے مریض تھے۔ سکھدیو راج کا کہنا ہے کہ ’’میں کافی عرصے سے اس بیماری سے نبردآزما ہوں، پہلے میرا علاج جموں میں ہوا، جب وہاں مجھے زیادہ آرام نہ ملا تو میں چندی گڑھ چلا گیا۔ وہاں میرا علاج تقریباً 3 ماہ تک جاری رہا۔ اس کے بعد، مجھے کچھ سکون ملا۔ اب میں راحت محسوس کر رہا ہوں۔ شروع میں، میں نے اپنے سینے میں کچھ مسئلہ دیکھا۔ مجھے کچھ رسولیاں تھیں جو آہستہ آہستہ درد کا باعث بننے لگیں۔ جب میں نے چیک کیا تو معلوم ہوا کہ مجھے کینسر ہے۔‘‘ان کا کہنا ہے کہ اگر وقتاً فوقتاً چیک اپ کروایا جائے تو یہ مرض جلد پکڑا جا سکتا ہے اور اس کا علاج بھی ممکن ہے۔ جبکہ 60 سالہ بے بی دیوی کا کہنا ہے کہ انہیں بریسٹ کینسر تھا۔ جو پہلے مرحلے میں ہی پکڑا گیا تھا۔ چنڈی گڑھ میں طویل علاج چلا۔ اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔ اگر میں وقت پر اپنا معائنہ نہ کرواتی تو میری بیماری جان لیوا ہوجاتی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ کینسر کی تمام اقسام کا علاج ممکن ہے۔ لیکن اس کے لیے لوگوں کو خود آگاہی کی ضرورت ہے۔ انہیں اپنے جسم میں ہونے والی کسی تبدیلی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ وقتا فوقتا چیک اپ اس بیماری کو سنگین ہونے سے پہلے ہی ختم کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ورزش، غذائیت سے بھرپور خوراک اور تمباکو کی مصنوعات کے استعمال سے پرہیز اس کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم ہر سال 4 فروری کو کینسر کا عالمی دن بھی منایا جاتا ہے جس کا مقصد کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے۔ لیکن اس کے باوجود اگر یہ بیماری پھیل رہی ہے تو حکومت، انتظامیہ، محکمہ صحت، سماجی تنظیموں اور معاشرے کے باشعور شہریوں کا فرض ہے کہ وہ ایسی آگاہی کی پالیسی بنائیں جہاں ایک عام آدمی بھی اس خطرے کو آسانی سے پہچان سکے۔ (چرخہ فیچرس)

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا