سی اے اے پر انگلی اٹھانے والے بتائیں کن حالات میں پاکستان میں ہندوؤں کی آبادی صرف 3 فیصد رہ گئی: راجناتھ سنگھ
سی این آئی
سرینگر // وہ دن دور نہیں جب ہندوستان میں ’رام راجیہ‘قائم ہو جائے گا جو سال 2027 تک دنیا کی تین سب سے بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا کی بات کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ان کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کی پشت پر عالمی رہنما بنے گا ۔ سی این آئی کے مطابق رانچی سے تقریباً 160 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اتخوری میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا ‘‘ ایودھیا مندر کی تقدیس کے ساتھ ہی ہندوستان میں رام راجیہ قائم ہوگا، رام للا اپنی جھونپڑی سے اپنے محل میں پہنچے ہیں۔‘‘انہوں نے شہریت (ترمیمی) ایکٹ یا سی اے اے کے نفاذ پر بی جے پی کو فرقہ وارانہ قرار دینے والوں پر بھی تنقید کی اور یہ جاننے کا مطالبہ کیا کہ کن حالات میں پاکستان میں ہندوؤں کی آبادی تقریباً 23 فیصد سے کم ہو کر 3 فیصد رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ ’’بھارت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ان کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کی پشت پر ‘وشو گرو’ (عالمی رہنما) بنے گا اور خدا کی خواہش ہے کہ وہ نہ صرف تیسری بار بلکہ چوتھی بار بھی وزیر اعظم رہیں۔ سی اے اے پر، انہوں نے کہا، اقلیتوں بشمول ہندو، سکھ، عیسائی اور پارسی، افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان جیسے ممالک میں مذہبی ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں اور پناہ کیلئے ہندوستان آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’ہم نے انہیں شہریت دینے کا فیصلہ کیا… بی جے پی کو اس کے لیے فرقہ پرست قرار دیا گیا ہے۔‘‘جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں یہ بے مثال ہے کہ ایک وزیر اعلیٰ لاپتہ ہوا لیکن اب وہ بدعنوانی کے الزام میں سلاخوں کے پیچھے ہیں۔سنگھ نے کہا، ’’کوئی بھی کانگریس کی سابقہ حکومتوں کے برعکس بدعنوانی پر بی جے پی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا‘‘۔