بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ کوئی تفریق نہیں

0
0

 

 

 

ڈاکٹر سیّد احمد قادری

بھارت کے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے گزشتہ29 ستمبر2023 ء کو ہُڈسن انسٹی ٹیوٹ ، واشنگٹن ڈی سی میں ایک انٹرویو کے درمیان پوچھے گئے ایک سوال کہ ’’ آپ کی حکومت دیگر ہندوستانیوں بالخصوص مسلمانوں کو کیوں ہدف بناتی ہے ۔‘‘ کے جواب میںیہ دعویٰ کیا ہے کہ ’’بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا ہے ،اگر ایسا ہے تو ثبوت پیش کریں ‘‘۔ وہ تو کہئے کہ انٹرویو لینے والے نے مہمان کی عزت رکھ لی ، ورنہ وہ جئے شنکر کے ذریعہ مانگے گئے ثبوت کے طور پر بھارت میں رونمأ ہونے والے صرف حالیہ دنوں کے ہی دو چار دس سانحات اور اقلیتوں پر ڈھائے گئے مظالم کے ویڈیو دکھا دیتا تب ہمارے وزیر خارجہ کو کیسی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا۔
دراصل یہ سوال کسی بھی جمہوری ملک کے لئے اتنا چبھتا ہو ااور ندامت سے بھرا ہے کہ جس سے اکثر بھارتی حکومت کے وزرأ کترا کر نکل جانے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں یا پھر سرے سے انکار کر دیتے ہیں ۔ تعجب اس بات پر ہے کہ ہمارے وزیر خارجہ کوئی روایتی سیاست داں نہیں ہیں بلکہ وزیر بننے سے قبل وہ وزارت خارجہ میں اعلیٰ افسر رہ چکے ہیںاور وہ ا س امر سے بخوبی واقف ہونگے کہ کسی ہال میں کوئی سوال جواب ہوتا ہے تو یہ باتیںہال کے اندرتک محدود نہیں رہتی ہیں بلکہ پر لگا کر اڑتی ہیں۔ اب جب کہ دنیا ایک گلوبل گاؤں میں بدل گئی ہے اور ذرائع ابلاغ عامّہ بڑی سرعت کے ساتھ ایسی خبریں دنیا کے اس کونے سے دوسرے کونے تک پہنچا دیتا ہے ۔ ایک پرانا محاورہ ہے ہونٹوں نکلی کوٹھوں پہنچی۔ ایسے میں ہمارے وزیر خارجہ نے اتنا بڑا جھوٹ بلکہ سفید جھوٹ کا سہارا کیوں لیا ۔ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے اس جواب سے سوال کرنے والا مطمئن ہو گیا ہوگا اور دنیا کے لوگوں کو ان کے ا س سفید جھوٹ پر یقین ہو گیا ہوگا ۔ امریکہ ہو یا کسی بھی ملک کا صحافی(اپنے ملک کے گودی میڈیا کو چھوڑ کر )جب کسی ذمّہ دار شخص سے کوئی سوال کرتا ہے تو وہ سوال سے قبل پوری طرح تحقیق کر لیتا ہے۔ وزیر خارجہ کو اس موقع پر اتنا تو یاد رہنا چاہئے تھا کہ اسی امریکہ کے کانگریس میں کئی بار ا یسے سوال اٹھائے گئے ہیں اور بھارت کو اقلتوں کے ساتھ مذہبی منافرت اور حقوق انسانی کی پامالی پرسخت تنبیہ اور تنقید کی گئی ہے ۔ اسی امریکہ میں واقع اقوام متحدہ میں بھی کئی بار بھارت میں مسلمانوں پر ہو رہے مظالم پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ وزیر خارجہ سے پوچھے گئے اس سوال کے چند روز قبل ہی نیو یارک میں اقلیتوں کے معاملے پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے USCIRF کو بتایا تھا کہ ہندوستان میں بنیادی حقوق ،خاص طور پر مذہبی اور دیگر اقلیتوں کے حقوق میں مستقل اور خطرناک حد تک خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ اسی ستمبر میں اقوام متحدہ کے اقلیتی معاملے پر خصوصی نمائندہ فرنینڈ ڈی ورینس نے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی USCIRF کو بتایا تھا کہ ہندوستان کی اس معاملے میں صورتحال کا تین لفظوں میں خلاصہ کیا جا سکتا ہے ’بڑے پیمانے پر منظّم اور خطرناک‘۔ واضح رہے کہ USCIRF ایک آزاد دو طرفہ امریکی حکومت کا مشاورتی ادارہ ہے ، جسے 1998 ء میں بین الاقوامی مذہبی آزادی ایکٹ IRFA نے بنایا ہے ۔2020 ء کے بعد USCIRF نے ایک بار پھر سفارش کی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ہندوستان کو خاص تشویش کا ملک (CPC )کے طور پر نامزد کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے جب ہمارے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جو بائڈن انتطامیہ کے مہمان تھے اور اس موقع پر ہمارے وزیر اعظم نے وائٹ ہاوس کی روایت کے مطابق پریس کانفرنس کے لئے تیار نہیں ہوئے تو بڑی مشکلوں سے وہ کسی صحافی کے صرف دو سوالوں کے جواب دینے کے لئے رضا مند ہوئے تھے۔ سوال پوچھنے کا قرعہ امریکہ کے بے حد مقبول اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی معروف صحافی صبرینہ صدیقی کے نام نکلا تھا۔ صبرینہ صدیقی نے اپنا صحافتی فریضہ ادا کرتے ہوئے ہمارے وزیر اعظم سے سوال کیا تھاکہ ’’ آپ کی حکومت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے انسانی حقوق کی بہتری اور اظہار خیال کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لئے کیا اقدامات کرے گی ؟ ظاہر ہے ہمارے وزیر اعظم جو ہمیشہ پریس والوں کے سوال سے ہمیشہ دور بھاگتے ہیں، وہ ایسے چبھتے ہوئے غیر متوقع سوال کے لئے بالکل تیار نہیں تھے لیکن اس وقت جواب تو دینا ہی تھا اور وہ سوال کے جواب میں جو کچھ بول گئے ، وہ کسی بھی طرح سوال کا جواب ہر گز نہیں تھا ۔ امریکہ کی سر زمین پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ایسے ’تلخ ‘ سوال کئے جانے پر بھارت کے گودی میڈیا اور اندھ بھکتوں نے زبردست احتجاج اور اعتراض کیا اور بے باک امریکی صحافی صبرینہ صدیقی کو ٹرول کئے جانے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار کشی کی جانے لگی ۔ ایسی نا زیبا حرکتوں پر وہائٹ ہاؤس کی جانب سے مداخلت کرتے ہوئے کافی مذّمت کی گئی تھی۔ یوں تو ایسے کئی واقعات ہیں جن کا اکثر ہمارے ملک کے سربراہ کو سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ابھی زیادہ دن نہیںہوئے جب ہمارے ملک بھارت کو جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا تھا ۔ اس موقع پر کئی ممالک کے سربراہ تشریف لائے تھے ، لیکن انھیں پریس سے مخاطب نہیں ہونے دیا گیا اور عالمی میڈیا کو بھی دور رکھا گیا ۔ امریکی صدر پر بھی یہ پابندی عائد رہی ۔ لیکن امریکی صدر جو بائڈن بھارت سے رخصت ہو کر جیسے ہی ویتنام کی دارالحکومت ہنوئی پہنچے ۔ انھوں نے ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے دل کا غبار نکالتے ہوئے آخر وہ بات کہہ ہی دی جس بات سے ہمارے وزیر اعظم خوف زدہ تھے ۔ صدر جو بائیڈن نے کہا ’’ نئی دہلی میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے مزاکرات کے دوران میں نے ا نسانی حقوق ،پریس کی آزادی اور سِول سوسائٹی کے معاملے اٹھائے تھے ‘‘۔ حقیقت یہ ہے کہ مودی حکومت ملک کے اندر بڑھتے اور سلگتے ہوئے جن مسائل کے ذکر سے بچنا چاہتی تھی ، ایسا ممکن نہیں ہوا اور جو بائڈن نے بھارت میں پنپ رہے غیر آئینی اور غیر انسانی مسائل کو بڑی دانشمندی سے طشت از بام کر تے ہوئے پوری دنیا کے سامنے بھارت کی تصویر عیاں کر دی ۔ ایسے تلخ حقائق سے چشم پوشی کی ایسی عادت ہمارے ملک کی حکومت کی پرانی ہو چکی ہے ۔ جس کی تازہ مثال ہڈسن انسٹی ٹیوٹ، واشنگٹن میں ہمارے وزیر خارجہ کا وہ بے تکا جواب ہے ۔ امریکہ میں پہنچ کر ہمارے وزیر خارجہ ان باتوں سے بے خبر رہے، جو بہت ہی تعجب خیز سے زیادہ افسوسناک ہے ۔ اس وقت پوری دنیا اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ ہمارے ملک کے میں اقلیتوں خصوصاََ مسلمانوں کے ساتھ جس طرح کا امتیاز برتا جا رہا ہے ، انھیں جس طرح خوف و دہشت میں مبتلا کیا جا رہا ہے ، ان کے ساتھ منافرت ،مذہبی تعصب ، تشدد ، عدم روادری اور ظلم وبربریت کاسلوک جس طرح کیا جا رہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
کیا ہم اس بات سے انکار کر سکتے ہیں کہ حکومت کا ایک وزیر سر عام ’’ دیش کے غداروں کو گولی مارو سالوں کو ‘‘ کا نعرہ لگاتا ہے ۔ ملک کے پارلیامنٹ کے اندر 21 ؍ستمبر 23ء کو ایک ممبر پارلیامنٹ رمیش بدھوڑی نے جس طرح ایک دوسرے مسلم معزز ممبر پارلیامنٹ کنور دانش علی کو’’ اوئے ملّا، کٹوا ، آتنکوادی‘‘ جیسی نازیبا ہی نہیں بلکہ سڑک چھاپ زبان کے ساتھ مخاطب کرتا ہے۔ یہ حرکت پارلیامنٹ کے اندر مسلمانوں کے اندر شدید نفرت کا اظہار ہے ۔ اس بدتمیز ممبر پارلیمنٹ کو ایسی اوچھی حرکت پر پارلیامنٹ سے ہمیشہ کے لئے خارج کیا جانا چاہئے تھا تاکہ پھر ایسی حرکت کرنے کوئی ہمّت نہ کرے ۔ لیکن افسوس کہ اس شخص کو سزا دینے کی بجائے راجستھان کے ٹونک کا انچارج بنا کر اس کی بد کلامی کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ایسا ہی ہوا تھا جب پہلی بار دادری میں اخلاق کے گھر میں داخل ہو کر اس کے فریز سے بکرے کا گوشت نکال کر گائے کا گوشت بتاتے ہوئے اخلاق کو شدت پسند تنظیموں کے لوگوں نے پیٹ پیٹ کر ختم کر دیا تھا ۔ اگر اس وقت ہمارے وزیر اعظم اس سانحہ پر خاموش نہیں رہتے اور ایک مذمتی بیان دے کر قاتلوں کو سخت سزا دئے جانے کی بات کرتے تو شاید فرازل ، پہلو خاں ،تبریز انصاری اور جنید وناصر جیسے سینکڑوں بے گناہ مسلم نوجوان ہجومی تشدد کا شکار ہو کر ہلاک نہیں کئے جاتے ۔ اخلاق سے لے کر جنید اور ناصر وغیرہ تک کی بے رحمی، سفّاکیت اور حیوانیت کے ساتھ مارے جانے کا سانحہ بھی اب کوئی نیا نہیں رہا، یہ سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے ۔یہ بات بھی نئی نہیں ہے کہ مونو مانسیر جیسے سفّاک مجرمین سے اظہار ہمدردی اور حمایت میں جلسے جلوس بھی نکالے گئے اور مجرموں کا سرغنہ ببانگ دہل یہ کہتا نظر آتاہے کہ ہم گؤ اسمگلروں کو مارتے کاٹتے رہیں گے ، کوئی ہمیں اس کے لئے ذمّہ دارٹھرائے یا سزا دے۔ اس قاتل نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ اسے ہریانہ پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے ، جو پوری طرح درست ہے ، یہ بھی کوئی نیا انکشاف نہیںہے، گرچہ ابھی سخت دباؤکے باعث اسے گرفتار کیا گیا ہے ۔ کٹھوعہ کی معصوم نابالغ بچی عاصفہ کے ساتھ مندر کے اندر گینگ ریپ کیا گیا اور پھر اسے تڑپا تڑپا کر مارنے والے مجرمین کے خلاف نفرت اور غم و غصہ کے بجائے ان زانیوں اور قاتلوں کی حمایت میں قانون کے رکھوالوں نے جلوس نکالا تھا ۔ جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں بھی ایسے ہی ہجومی تشدد میں معصوم مسلم نوجوان کو قتل کرنے والے مجرموں کو جیلوں سے رہا کرانے کے بعد پھول مالا ؤںکے ساتھ ان کی عزت افزائی کی گئی تھی ۔گجرات فساد میں بلقیس کے قاتلوں اور زانیوں کو قید خانے سے آزاد کرا کر انھیں تو ’’سنسکاری‘‘ ہی ’’گھوشت ‘‘ کر دیا گیا ہے۔ مساجد کے میناروں پر بھگوا پرچم لہرایا جا رہا ہے اور پولیس کھڑی دیکھ رہی ہے، مساجد کے نمازیوں کو نماز کے دوران زد وکوب کیا جارہا ہے ، پیش اماموں اور مؤذنوں کو سر عام گالیاں دی جارہی ہیں ، ان سے زبردستی جئے شری رام کا نعرہ لگوایا جا رہا ہے ، نعرہ نہیں لگانے پر ان کی داڑھیاں نوچی جا رہی ہیں ، ان کی پٹائی کی جا رہی ہے ۔
بی جے پی کی ترجمان نپور شرما ٹی وی مباحثہ میں اہانت رسول کی مرتکب ہو تی ہے اور اسے سزا دینے کی بجائے اسے سیکوریٹی دی جاتی ہے، اسکول ٹیچر اپنی گندی اور متعصب ذہنیت کا ثبوت دیتے ہوئے کلاس کے دوسرے بچوں سے ایک بچے کو صرف ا س لئے پٹواتی ہے کہ وہ بچہ مسلم ہے، چلتی ٹرین میں ٹرین کا محافظ مسلم مسافروں کو اپنی بندوق کا نشانہ بنا کر قتل کرتا ہے ، لو جہا د، حجاب کے نام پر منافرت پھیلائی جا رہی ہے ، بلڈوزروں سے مسلمانوں کے مکانات منہدم کئے جا رہے ہیں ، اتر پردیش ، گجرات ، دہلی ، مدھیہ پردیش اور آسام وغیرہ ’رام راج‘ والی ریاستوں میںہزاروں نوجوان نا کردہ گناہوں کی سزا کئی برسوں سے قیدخانے میں بھگت رہے ہیں ۔ ایسے واقعات اورسانحات اتنی بڑی تعداد میںہو رہے ہیں کہ صفحہ کا صفحہ سیاہ ہو جائینگے لیکن نا انصافی ، حق تلفی ، تعصب ، تشدد ،ظلم و بربریت اور قتل و خون کی ایسی اذیت ناک، دردناک ، المناک اور شرمناک داستاںختم نہیں ہوگی۔ ہمارے وزیر خارجہ کو اور کتنے ثبوت چاہئے ؟ افسوس کہ ایسے تمام سانحات کی حقیقت سے بخوبی واقفیت کے باوجود ملک کے وزیر خارجہ ملک کے اقلیتوں خصوصاََ مسلمانوں پر ہونے والے ظلم اورناانصافیوں سے پہلو تہی کرتے ہوئے سفید جھوٹ کا سہارا لینے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔
ان سے کوئی اتنا ہی پوچھے کہ جب آپ کا ملک ایک سیکولر ملک ہے اور آپ کی حکومت مسلمانوں کے ساتھ کوئی تفریق نہیں کرتی ، پھر آپ کی حکومت میں کوئی مسلم وزیر کیوں نہیں ؟ آپ کی حکمراںپارٹی بی جے پی میں ایک بھی مسلم ممبر پارلیامنٹ کیوں نظر نہیں آتا ؟ یہ ایسے سوالات ہیں ، جن کے جواب میں انھیںخفّت اٹھانے کے سوا کوئی راستہ نہیں ۔ اس لئے بہتر ہے کہ حکومت کے لوگ بیرون ممالک جا کر حقائق سے چشم پوشی نہ کریں بلکہ آدھا ہی سچ بتا کر خود کو رسوا نہ کریں۔ ملک کی بدنامی تو روز ہی ہر سطح پرہو ہی رہی ہے ۔
٭٭٭

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا