بنگلہ دیش کو آٹھ رنز سے شکست دے کر افغانستان سیمی فائنل میں

0
0

کنگسٹاؤن، // ٹی -20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ گروپ ایک میں بنگلہ دیش کے سلامی بلے باز لٹن کمار داس ناٹ آؤٹ (54) کھڑے دیکھتے رہے اور راشد خان کی قیادت والی افغانستانی ٹیم کے گیند بازوں نے تاریخ رقم کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ میچ کو آٹھ رن سے جیت کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
افغانستان کے کپتان راشد خان اور نوین الحق نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار چار وکٹیں حاصل کیں اور بنگلہ دیش کو 17.5 اوورز میں 105 رنز پر آؤٹ کرکے میچ جیت کر آسٹریلیا کو بھی ورلڈ کپ سے باہر کردیا ہے۔ بنگلہ دیش کے لٹن کمار داس ایک سرے پر کھڑے رہے لیکن کسی بلے باز نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے 49 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ میچ کے درمیان بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت بنگلہ دیش کا ایک اوور کم کرکے 19 اوورز میں نظر ثانی شدہ ہدف دیا گیا تھا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ رحمت اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے۔ 11ویں اوور میں رشاد حسین نے ابراہیم زدران (18) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے عظمت اللہ عمرزئی بھی (10) رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ گلبدین نائب (4) اور محمد نبی ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رحمت اللہ گرباز نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے۔ کپتان راشد خان 10 گیندوں میں (19) اور رحمت کریم (7) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 115 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
116 رنز کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے 23 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ تنزید حسن (0)، کپتان نظم الحسن (5) اور شکیب الحسن (0) پر آؤٹ ہوئے۔ سومیا سرکار (10)، محمد توحید ہردوئے (14)، محمود اللہ (6) اور رشاد حسین (0) کو راشد خان نے اپنا شکار بنایا۔ لٹن کمار داس نے سب سے زیادہ ناقابل شکست (54) رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کے 9 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ نوین الحق نے پہلے تسکین احمد کو بولڈ اور پھر مستفیض الرحمان کو ایل بی ڈبلیو کر کے بنگلہ دیش کی اننگ 17.5 اوورز میں 105 رنز پر سمیٹ دی۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان اور نوین الحق نے چار چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ فضل الحق فاروقی اور گلبدین نائب کو ایک ایک وکٹ ملا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا