نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے سال 2024-25 کے عبوری بجٹ کو ‘رام راجیہ کے وژن’ اور ترقی یافتہ و خود انحصار ہندوستان کی قرارداد کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ ہندوستانی معیشت کو روشن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔
مسٹرنڈا نے پارلیمنٹ میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے پیش کردہ عبوری بجٹ پر پارٹی کی جانب سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی اور اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ محترمہ سیتا رمن کا شکریہ ادا کیا۔
بی جے پی صدر نے کہا، "یہ عبوری بجٹ غریبوں کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لیے وقف کردہ دوراندیشی پر مبنی بجٹ ہے۔ اس بجٹ میں ماتر شکتی کا فلسفہ ہے، تو رام راجیہ کا وژن بھی ہے۔ اس بجٹ میں ترقی یافتہ ہندوستان کا عزم ہے، تو خود انحصار ہندوستان کا مقصد بھی ہے۔ اس عبوری بجٹ میں غریبوں کی فلاح و بہبود، کسانوں کی بہتری، ماتر شکتی کا احترام اور نوجوانوں کی مسکراہٹ شامل ہے۔
مسٹر نڈا نے کہا، ”پچھلے 10 برسوں میں مسٹر مودی نے انتھک محنت سے تقریباً 25 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے باہر نکالا ہے تو وہیں دوسری طرف، ہندوستان نے معیشت میں ترقی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ یہ بجٹ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کی بنیاد ہے۔ ہم غربت ہٹانے کا نعرہ نہیں دیتے بلکہ غربت ہٹا کر دکھاتے ہیں۔ ہم صرف ترقی یافتہ اور ترقی کی بات نہیں کرتے بلکہ ترقی کو ہر گھر تک لے جانے پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عبوری بجٹ میں متوسط طبقے کے لیے ہاؤسنگ اسکیم لانے کا فیصلہ انقلابی قدم ہے۔ اگلے پانچ سال میں پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت تقریباً دو کروڑ مکانات بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب ہماری حکومت نے اگلے پانچ سالوں میں تین کروڑ سے زیادہ لکھ پتی دیدی بنانے کا منصوبہ بند ہدف مقرر کیا ہے۔ حکومت کا ایم ایس ایم ای سیکٹر کو عالمی بنانے کا فیصلہ خود انحصار ہندوستان کے مقصد کو حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مسٹر نڈا نے کہا کہ اس بجٹ میں سیاحت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ قابل تجدید توانائی کے شعبے کے لیے، ہماری حکومت نے ‘پردھان منتری سریودیا یوجنا’ کے تحت ایک کروڑ گھروں کی چھتوں پر سولر پینل لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عبوری بجٹ میں سماج کے تمام طبقات بشمول کسان، متوسط طبقہ اور خواتین اور اس کا خاکہ ہندوستانی معیشت کو صحیح راستے اور روشن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔