سری نگر، 2 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سال 2023 کے ماہ جنوری سے 375 مقدمے درج کرکے 6 سو 51 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جن کی تحویل سے 86.5 کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد ضبط کیا گیا ہے۔گرفتار شدہ 651 منشیات فروشوں میں سے 122 سخت گیر منشیات فروش ہیں جن کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق اس دوران 20 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی غیر قانونی طور منشیات کے کاروبار سے حاصل شدہ 10 کروڑ روپیے مالیت کی جائیدادوں کو منسلک کر دیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘ڈرگ فری بارہمولہ کی مہم کے تحت اور منشیات کے خلاف جنگ و جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوری 2023 سے 86.5 کروڑ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس دوران 20 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی 10 کروڑ روپیے مالیت کی جائیدادوں جن میں رہائشی مکانات، شاپنگ کمپلیکسز، گاڑیاں اور اراضی شامل ہیں، کو ضبط کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ضلع بارہمولہ میں ہیرائن کے استعمال کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
پولیس نے لوگوں سے آس پاس علاقوں میں ہونے والی منشیات فروشی کے متعلق پولیس کو مطلع کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف تحت قانون سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے چھ مہنیوں کے دوران ضلع میں 45 سخت گیر منیشات فروشوں سمیت 178 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے کروڑوں روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بر آمد کیا۔