وادی بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں ،سردی کی شدت میں اضافہ پہاڑوں پر2فٹ تازہ برفباری درج ،کیرن ،کرناہ اور مژھل روڑ پر ٹریفک کی آوا جاہی دوبارہ بند
کے این ایس /
کشمیر وادی میںماہ نومبر میں تیسر ی مرتبہ برف وباراں کا سلسلہ جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا ،جس دوران گلمرگ میں6انچ جبکہ کپوارہ کے سادھناٹاپ ، فرکیاں ٹاپ اور زیڈ گلی میں ڈیڑھ سے2فٹ تازہ برفباری درج کی گئی ۔تازہ برفباری کے سبب کنڈی علاقوں کو کپوارہ ہیڈ کواٹر سے جوڑنے والے کیرن ،کرناہ اور مژھل روڑ جمعہ کو دوبارہ ٹریفک کی آوا جاہی کیلئے بند کردئے گئے ۔ادھر سرینگر ۔جموں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک رواں دواں رہا ،تاہم تاریخی مغل روڑ اور سرینگر ۔لہیہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت مسدود رہی ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23نومبر سے موسمی صورتحال میں تبدیلی متوقع ہے ۔دریں اثناء تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پوری وادی یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آئی ہیں ، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ۔ کشمیر نیوز سروس (کے این ایس ) کے مطابق جمعرات سے جاری برف و باراں کا سلسلہ جمعہ کو بھی وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا ۔ بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث درجہ حرارت میں یکایک گرائوٹ درج کی گئی ۔ نامہ نگاروں کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روز سے جمعہ کی شام تک ڈیڑھ سے 2 فٹ کی برفباری درج کی گئی جبکہ شام دیر گئے تک یہ سلسلہ جاری تھا ۔ کرناہ سادھنا ٹاپ کے مقام پر ڈیڑھ فٹ تازہ برفباری درج کی گئی جبکہ اسی دوران کیرن کے فرکیاں ٹاپ کے مقام پر 2 فٹ تازہ برفباری درج کی گئی ۔ اسی طرح کپوارہ کے مژھل کے زیڈ گلی کے مقام پر ڈیڑھ فٹ سے زیادہ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ تازہ برفباری کے نتیجے میں کپوارہ ہیڈ کوارٹر سے جوڑنے والے 3 اہم زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں ۔ کیرن ، کرناہ اور مژھل روڑ تازہ برفباری کے بعد بند کر دئے گئے اور ان رابطہ سڑکوں پر جمعہ کو کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تازہ برفباری کے نتیجے میں ان رابطہ سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمد و رفت احتیاطی طور روک دی گئی ۔ یاد رہے کہ 3 روز قبل ان تینوں اہم رابطہ سڑکوں پر 10 روز بعد ٹریفک کی آواجاہی بحال کر دی گئی تھی تاہم تازہ برفباری کے باعث جمعہ کو یہ تینوں اہم رابطہ سڑکیں ٹریفک کی آواجاہی کے حوالے سے احتیاطاً بند کر دی گئیں ۔ ادھر بانڈی پورہ کے گریز ، دوبون ، چھانہ دجی کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں میں ایک فٹ سے زیادہ تازہ برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ تاہم بانڈی پورہ اور گریز روڑ ٹریفک کی آواجاہی کیلئے جمعہ کو کھلی رہی ۔ بارہمولہ اور سرحدی تحصیل اوڑی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں موسلادار بارشوں کا سلسلہ جمعرات سے جاری ہے اور جمعہ کو بھی یہ سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ نامہ نگار نے بتایا کہ بارہمولہ اور سرحدی تحصیل اوڑی کے کسی بھی علاقے سے تاحال برفباری ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے البتہ موسلادار بارشوں کا سلسلہ جمعہ کی شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ گلمرگ سے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برفباری ہوئی ۔ یہاں 6 انچ برفباری درج کی گئی جبکہ جمعہ کی شام تک یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا ۔ ٹنگمرگ میں 3 انچ برفباری درج کی گئی اور یہاں بھی ہلکی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا تاہم سرینگر ۔ گلمرگ رابطہ سڑک ٹریفک کی آواجاہی کیلئے کھلی رہی ۔ گاندربل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سونہ مرگ ، زوجیلہ ، ناراناگ اور گگن گیر کے علاوہ دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ یہاں کے میدانی علاقوں میں جمعرات سے جاری بارشوں کا سلسلہ جمعہ کو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ اطلاعات کے مطابق سرینگر ۔لیہہ شاہراہ زوجیلہ کے مقام پر بھاری برفباری کے باعث ٹریفک کی آواجاہی کیلئے گزشتہ کئی دنوں سے بند پڑی ہوئی ہے ۔ وسطی ضلع بڈگام کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بعض بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ادھر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ، کولگام اور شوپیاں کے بعض بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ پلوامہ میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا ۔ اس دوران تازہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آگئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ سردی سے بچنے کیلئے لوگ روایتی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ گرمی کے جدید آلات کا بھی استعمال کر رہے ہیں ۔ دریں اثناء موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو سرینگر ۔ جموں شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک رواں دواں رہا ۔ جمعہ کے روز جموں سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو آنے کی اجازت دی گئی ۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں سنیچر کو بھی یکطرفہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائیگی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی