’اگر حکومت نے ڈیلی ویجروں کے مسائل حل کئے ہوتے تو معصوم ملازم کی جان نہ جاتی ‘

0
0

پی ایچ ای ڈیلی ویجر راکیش کمار کی موت ، حکومت ذمہ دار:محمد اشرف ملک
اجمل ملک
رام بن/ /پی ایچ ای ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بلاک صدر اکھڑہال محمد اشرف ملک نے بہت ہی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح موجودہ حکومت نے ملازم دشمن پالیسی اپنائی ہوئی ہے اس سے نہ جا نے کتنے معصوموں کی جان چلے گئی ہے لیکن انہیں ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی مخلوط سرکار عوامی خاص کر پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کے مسائل حل کر نے میں پوری طرح ناکام ہو گئی ہے جس کا ثبوت گزشتہ کابینہ فیصلے کے بعدبٹوت میں پی ایچ ای ڈیلی ویجر راکیش نے مالی تنگی کی وجہ سے اپنے آپ کو پھانسی پر لٹکا دیا کیونکہ مرحوم کے پاس اس کے علاوہ دو سرا کوئی چارہ نہیں تھا ۔ محمد اشرف ملک نے کہاکہ موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے 2013میں تحصیل بانہال کا دورہ کیا تھا تو اس وقت نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط سرکار ریاست میں بر سر اقتدار تھی تو اس وقت بانہال میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ جس طرح نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے 60ہزار ڈیلی ویجروں کو فاقہ کشی کر نے پر مجبور کر دیا اور یہاں تک کہا تھا کہ کچھ ملازمین نے خودی کشی بھی کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تھا اگر آئندہ پی ڈی پی کی حکومت ریاست میں بر سر اقتدار آئے گی تو تمام 60ہزار ڈیلی ویجروں کو مستقل کر دیا جا ئےگا اور ماہانہ تنخواہیں بھی وا گزار کی جائیں گے ۔ اس سلسلے میں محمد اشرف ملک نے کہاکہ محبوبہ مفتی حکومت کا اب چوتھا سال لگ چکا ہے لیکن ڈیلی ویجروں کو مستقل کر نا تو دور انہیں سال میں ایک بار بھی تنخواہ نہیں ملتی ہے انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس میں اگر ڈیلی ویجروں کو مستقل نہیں کیا گیا مگر تین چار ماہ بعد تنخواہ دی جاتی رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مخلوط حکومت کے دور میں ڈیلی ویجروں کو عید یا دیگر تہواروں پر بھی تنخواہ نہیں ملتی ہے جبکہ ڈیلی ویجر رات دن اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتے ہیں ۔ ملک نے کہاکہ جس طرح پی ایچ ای ڈیلی ویجر راکیش نے خود کشی کی وہ موجودہ حکومت پر ایک سوالیہ نشان بھی ہے ۔ ملک نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ڈیلی ویجروں کے مسائل جلد حل کریں اور انہیں ہر ماہ تنخواہ وا گزار کی جا ئے تاکہ دوسرا کوئی اور موت کے بھینٹ نہ چڑ ھ جائے ۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے ڈیلی ویجروں کے مسائل جلد ہی حل نہیں کئے تو پی ایچ ای ایسوسی ایشن کے بینر تلے ریاست گیر ہڑتال ہو گی اور پوری ریاست میں پانی کی سپلائی بند کر دی جا ئے گی جس کی ساری ذمہ داری حکومت اور محکمہ پی ایچ ای پر ہی عائد ہو گی ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا