نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے آئندہ 11اگست کو ہونے والے انتخابات میں صدرکے عہدے کے امیدوار اور معروف و مشہور کینسر سرجن ڈاکٹر ماجد احمد ٹالیکوٹی نے اسلامک سنٹرکو مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی ٹیم کامیاب ہوئی تو اسلامک کلچرل سنٹر کو قوم کی تعلیم و ترقی کا مرکز بنایا جائے گا۔ یہ وعدہ انہوں نے یہاں منعقدہ اسلامک سنٹر کی ایک بڑی انتخابی تقریب سے خطاب کرے ہوئے کیا۔
انہوں نے اسلامک سنٹر کو جہاں جدید تعلیم کا مرکز بنانے کی بات کی وہیں انہوں نے کہاکہ قرآن کی تعلیم بھی دی جائے گی۔ کوچنگ سنر قائم کیا جائے گا جہاں سے نیٹ اور دیگر پیشہ وارانہ تعلیم کی کوچنگ کا انتظام ہو۔ انہوں نے کہاکہ اسلامک سنٹر کو ایسے پلیٹ فارم بنایا جائے گا جہاں سے تجارت کے راستے آسان ہو اور اس ضمن میں رہنمائی ہو۔ انہوں نے کہاکہ سنٹر کے ذریعہ مسلم قوم کے لئے کھڑا رہوں گا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار قائم رکھنے کیلئے متحد ہوکر پوری کوشش کریں گے۔
انہوں نے اسلامک سنٹر کو ممبران کا او ر ممبران کے لئے قرار دیتے ہوئے کہاکہ سنٹر قوم و ملت کی امانت ہے اور قوم و ملت کے لئے کام کرے گا اور اس کے لئے آواز بلند کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ میرے مخالفین جو میرے خلاف جھوٹ پھیلارہے ہیں اور الزام تراشی کر رہے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہے، میں اس بات کا پھر اعادہ کرتا ہوں کہ میری زندگی خدمت سے شروع ہوتی ہے اور انشاء اللہ خدمت پر ہی ختم ہوگی اور قوم کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے اسلامک سنٹر کو قوم اور حکومت کے درمیان ایک پل قرار دیتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی حکومت آئے ہم سنٹر کے ذریعہ قوم کی آواز اس کے سامنے اٹھائیں گے اور قوم کے جذبات و احساسات سے انہیں آگاہ کریں گے۔
انہوں نے ممبران کے ووٹ کے حق کو واپس دلا نے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ممبران کی سہولت میں اضافہ کیا جائے گا، ان کیلئے جم بنائے جائیں گے، خواتین اراکین کے لئے الگ سے انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے ممبران کے لئے طبی سہولت کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈائلسس سنٹر اور کلنیک قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر وقت نے ساتھ دیا تو الگ بلاک، لائبریری کے ساتھ تو آئی آئی سی سی گلوبل اسپتال بنانے کی کوشش کریں گے۔
انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے سابق صدر اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے امیدوار سراج قریشی نے اسلامک سنٹرکے انتخاب میں ووٹ کے صحیح استعمال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سنٹر کو بچانا آپ سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ سنٹر کو میں نے اپنے خون سے سینچا ہے۔ انہوں نے کچھ سیاسی لوگوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ سنٹر کے ذریعہ اپنی سیاسی زمین تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سنٹر کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر ماجد احمد ٹالیکوٹی نے سنٹر کے بارے میں فیوچر پلان پیش کردیا ہے۔ اگر ان کی ٹیم کامیاب ہوئی تو ایسا سنٹر بنے گا کہ ممبران فخر محسوس کریں گے۔
اسلامک سنٹر کے مجلس عاملہ کے رکن کیلئے امیدوار اور معروف سماجی کارکن محمد ہدایت اللہ نے ڈاکٹر ماجد احمد ٹالیکوٹی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ منتخب ہوتے ہیں تو سنٹر قوم کی امیدوں کامرکز، تعلیم کی آماجگاہ اور اسلامو فوبیا کے خلاف ایک مرکز ہوگا۔ مجلس عاملہ کے امیدوارثمرقریشی نے کہا کہ ہم نئی نسل ہیں اور ہمارے عزائم سنٹر کیلئے جوان ہیں اور ہم لوگ سنٹر کے لئے کچھ کرگزرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر نذر عباس، ڈاکٹر پرویز میاں سابق چیرمین دہلی حج کمیٹی، مولانا مقصود قاسمی، مسٹر نریندر، محمد یوسف میرٹھ،حسیب احمد، فیروز بخت احمد، عارف حسین اور سلمان وارث شامل ہیں۔ سنٹر کے نائب صدر کے امیدوار کلیم الحفیظ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔