عوام سے الیکشن میں خرچ شدہ کارتوس مسترد کرنے اورنئے چہرے سامنے لانے کی اپیل کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ ڈوگرہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر امیت کپور جو کہ پری پیڈ میٹر، پراپرٹی ٹیکس، بڑھاپے کی پنشن اور نیو پلاٹ ایریا میں سو سے زائد لوگوں کے گھروں کے بجلی کنکشن کاٹنے سمیت دیگر مفاد عامہ کے مسائل پر تحریک کی قیادت کر رہے ہیں، نے آج اپوزیشن پرحملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی نشستیں بچانے کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں عوامی مفاد کے مسائل پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مختلف مسائل کے حوالے سے 6اکتوبر سے شروع ہونے والا فاسٹملتوی کر دیا ہے اور اب وہ 10اکتوبر کے بعد فاسٹ پر بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ 10اکتوبر کو اپوزیشن جماعتوں کی کارکردگی دیکھیں گے کہ کیا وہ مفاد عامہ کے مسائل اٹھائیں گے یا صرف اپنی نشستیں بچانے سے متعلق سامنے آئیں گے۔ اس کے بعد ہی وہ فاسٹ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ امیت کپور نے یہ بات جموں میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ ریاست کا درجہ دینا ہے کیونکہ مرکزی حکومت نے اس کے لیے وعدہ کیا ہے، لیکن اپوزیشن پارٹیاں پری پیڈ میٹر، پراپرٹی ٹیکس، بڑھاپے کی پنشن، بے روزگاری اور دیگر مفاد عامہ کے مسائل پر متحد کیوں نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی مفاد عامہ کے مسائل پر خاموش ہے تو اپوزیشن پارٹیاں بھی ان مسائل پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب خرچے ہوئے کارتوس ہیں اور عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ خرچ شدہ کارتوسوں کو مسترد کریں اور آئندہ انتخابات میں نئے چہروں کو سپورٹ کریں۔