اپنی پارٹی جموں کشمیر میں ایک قابل اعتماد سیاسی متبادل کے طور پر اْبھری ہے: غلام حسن میر

0
93

کہاعوام کو اپنی پارٹی کے دو ٹوک اور غیر مبہم ایجنڈے پر مکمل بھروسہ ہے
لازوال ڈیسک
سرینگر: سابق کابینہ وزیر اور اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہا ہے کہ ’’عوام کو اپنی پارٹی کے دو ٹوک اور غیر مبہم ایجنڈے پر مکمل بھروسہ ہے اور یہ پارٹی مختصر عرصے میں ہی جموں کشمیر میں ایک قابل اعتماد سیاسی متبادل کے طور پر اْبھری ہے۔‘‘انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پارٹی کے ساتھ جڑ کر جموں کشمیر کے بہتر مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ یہ باتیں غلام حسن میر نے آج ٹنگمرگ کے پارسوانی علاقے میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کے دوران کہیں۔ تقریب کا انعقاد پارٹی کی جانب سے جاری عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے غلام حسن میر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں روایتی پارٹیوں نے پْر فریب سیاسی بیانیے اور جھوٹے وعدوں سے لوگوں کو سالہا سال تک دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’روایتی جماعتوں نے پرفریب بیانیے اور جذباتی نعروں کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کیا ہے۔ ان کے جھوٹے نعروں میں نام نہاد ‘رائے شماری،’ ‘اٹانومی،’ ‘سیلف رول’ وغیرہ جیسے گمراہ کن نعرے شامل تھے۔ انہوں نے ان گمراہ کن نعروں سے لوگوں کو مسلسل بے وقوف بنایا ہے۔ تاہم، اب یہ جماعتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں، کیونکہ لوگ اب سمجھ گئے ہیں کہ یہ جماعتیں محض اپنے سیاسی مفادات کیلئے ان جھوٹے نعروں کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرتے رہے ہیں۔‘‘
عوام کو جموں کشمیر کے روشن مستقبل کے لیے اپنی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانے کی اپیل کرتے ہوئے، غلام حسن میر نے کہا، ’’اپنی پارٹی کی سیاست سچائی پر مبنی ہے۔ روایتی پارٹیوں کے برعکس، ہم کبھی بھی دھوکہ دہی یا جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوگوں کو گمراہ نہیں کریں گے۔ لوگ ہمارے غیر مبہم ایجنڈے پر بھروسہ کرتے ہیں، اور یہ پارٹی ایک قابل اعتماد سیاسی متبادل کے طور پر ابھری ہے۔ میں نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملا کر جموں و کشمیر کے روشن مستقبل میں اپنا حصہ ڈالیں۔‘‘اس تقریب میں پارٹی کے جو سرکردہ لیڈران موجود تھے، اْن میں یوتھ نائب صدر اور ڈی ڈی سی ٹنگمرگ ایڈوکیٹ تجمل اشفاق میر، ڈی ڈی سی کنزر شیخ نذیر احمد، صوبائی سیکرٹری آفتاب بیگ، ضلع نائب صدر اسد اللہ، زونل صدر عبدالمجید کھانڈے، بلاک صدر ٹنگمرگ عبدالرحمن لون (کاکا جی)، بلاک صدر نذیر احمد، پارٹی لیڈر غلام محی الدین کٹھو، پارٹی لیڈر محمد شفیع میر اور دیگر اشخاص شامل تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا