ایل جی سنہاکاصنعت اور تعلیمی اِداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور کارپوریٹ کے ساتھ نئی شراکت داری قائم کرنے پر زور
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج راج بھون میں جموںوکشمیر ہائیر ایجوکیشن کونسل کے زیراہتمام تشکیل دیئے گئے ایڈوائزری بورڈ فار کریٹنگ اینڈ ڈیولپنگ اَنٹرپرینیورشپ (اے بی سی ڈی ای) کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں وائس چیئرمین جموںوکشمیر ہائیر ایجوکیشن کونسل پروفیسر دنیش سنگھ، پرنسپل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آلوک کمار، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، کمشنر سیکرٹری صنعت وحرفت محکمہ وِکرم جیت سنگھ، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں، ڈائریکٹرسی آئی سی دہلی یونیورسٹی، ڈائریکٹر کالجز اور بورڈ کے دیگر ممبران نے صنعت اور اکیڈمی کے رابطے کو مضبوط بنانے اور کارپوریٹ کے ساتھ نئی شراکت داری پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی کے اعلیٰ تعلیمی اِداروں پر زور دیا کہ وہ کلاس روم لرننگ کو از سر نو ترتیب دیں، نصاب میں تبدیلی لائیں تاکہ تعلیم میں اَنٹرپرینیورشپ پر توجہ مرکوز کی جاسکے تاکہ تنقیدی سوچ، مسائل کو حل کرنے کی مہارتوں، مختلف صنعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے والی سرگرمیوں اور پروجیکٹوں کو فروغ دیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ آج جموں کشمیر تعلیمی شعبے میں اختراعی اقدامات کی منصوبہ بندی اورعمل آوری میں سب سے آگے ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اَب وقت آگیا ہے کہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اِدارے صلاحیتوں کا خود جائزہ لیں اور قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ’’ اَنٹرپرینیور شپ و ایجوکیشن ‘‘ کے مشترکہ ماڈل پر کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلبأ کی رہنمائی کرنے اور اُنہیں ایک ساز گار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی جہاں وہ اَپنے خیالات اور مخصوص اہداف کو حاصل کر سکیں۔میٹنگ میں تعلیمی نصاب میں اَنٹرپرینیورشپ کے ہموار انضمام اور ڈیزائن یور ڈگری پروگرام کی سربراہی میں ترقی پسند اَنٹرپرینیورشپ ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لئے جامع حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں سینئرمنیجنگ ڈائریکٹر ایکس سینچر پیوش این سنگھ سمیت صنعت میں سرکردہ افراد ونود سود، شریک بانی ہیوز سیسٹیک کارپوریشن، سنجے سلیل ایم ڈی میڈیا گورو، ڈاکٹر سبی چترویدی گلوبل ایس وی پی چیف کارپوریٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی آفیسر ان موبی اور نوجوان کاروباری شخصیات محترمہ ادیتی کاکڑ اور محترمہ گریما سیپانی شریک بانی ٹیمونیو ڈیزائن نے بھی شرکت کی اور جموں کشمیر میں سٹارٹ اَپس اور اَنٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے بارے میں اَپنی قیمتی تجاویز اورمعلومات کا اِشتراک کیا۔