ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کپل سبل کی ستائش کی
یواین آئی
سری نگر؍؍جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ناانصافیوں کے خلاف لڑنے کے لئے سینئر سیاسی رہنما اور معروف قانون دان کپل سبل کے نئے اعلان کردہ پلیٹ فارم ’انصاف کے سپاہی‘ کا خیرمقدم اور اس کی حمایت کا اظہار کیاہے۔سبل کے اقدام کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا،’’سبل صاحب ایک سرکردہ رہنما اور تجربہ کار قانون دان بھی ہیں، جنہیں حزب اختلاف کی ایک اہم آواز سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور رہنماوں کو ساتھ لانے کی موصوف کی بات کا خیر مقدم کیا جانا چاہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف متحد ہونے سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔نیشنل کانفرنس مضبوطی سے کپل سبل صاحب کے ساتھ ان کی نئی پہل میں کھڑی ہے۔عمر عبداللہ سمیت پارٹی کے ہر ایک فرد کو پختہ یقین ہے کہ یہ پہل ناانصافیوں سے لڑنے کے مشترکہ مقصد کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔