چنڈی گڑھ، // مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے چنڈی گڑھ پہنچنے پر کانگریس کی مقامی یونٹ کے کارکنوں نے جمعہ کو یہاں علامتی طور پر سیاہ لباس پہن کر پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف مظاہرہ کیا۔
چنڈی گڑھ ریاستی کانگریس کے صدر ایچ ایس لکی کی قیادت میں کانگریس کارکنان یہاں سیکٹر 35 میں پارٹی دفتر میں پارٹی پرچموں، پلے کارڈوں اور سیاہ جھنڈوں کے ساتھ جمع ہوئے اور مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ سبھی مسٹر شاہ کے پروگرام کے مقام پر جا کر احتجاج کرنا چاہتے تھے لیکن شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کے پیش نظر پولیس نے انہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔ ایسے میں کانگریس کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور مرکز کی حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے خلاف غیر جمہوری طریقے سے اپوزیشن کے معطل ارکان کی آواز کو دبانے اور داخلی سیکورٹی کے معاملے پر انہیں پارلیمنٹ میں بولنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف نعرے لگائے۔
مسٹر لکی نے اس موقع پر کہا کہ مسٹر شاہ کو علامتی طور پر سیاہ جھنڈے دکھائے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ ہونے کے ناطے مسٹر شاہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خرابی کے ذمہ دار ہیں اور انہیں پارلیمنٹ میں اس بارے میں اپنا بیان دینا چاہئے تھا، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔