اسلامک کلچرل سنٹر ہندوستانی مسلمانوں کی شان

0
0

اس کے وقار کا خیال رکھنے کی ضرورت:انجینئر ساجد علی
یواین آئی

نئی دہلی؍؍انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے لائف ممبر اوراعلی سرکاری افسر انجینئر ساجد علی نے اسلامک کلچرل سنٹرکو ہندوستانی مسلمانوں کی شان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سنٹر ہمارے بزرگوں کی کوشش اور قربانی سے وجود میں آیا ہے خودغرضی اورمفاد پرستی سے بالاتر ہوکر اس کے وقار کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کا واحد سنٹر ہے جس کے رکن پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں، اعلی افسران، مسلم لیڈران، سیاسی قائد، ججز، وکلائ ،سول سروسز کے افسران اور تمام شعہبائے حیات سے وابستہ سرکردہ افراد تک اس کے رکن ہیں۔ اس باوقار اور پرشکوہ اسلامک سنٹر کے سرپرستوں اور بنیاد گزاروں میں جسٹس ایم ہدایت اللہ، نائب صدر جمہوریہ ہند، حکیم عبدالحمید، مفتی عتیق الرحمان عثمانی،بدرالدین طیب جی، بیگم عابدہ احمد، سید شفیع، جی نقشبندی،چودھری عارف اور موسی رضا جیسی مقتدر شخصیات رہی ہیں۔ اس وقت بھی مسلمانوں کے مایہ نازافراد کے رکن ہیں اور اس کے عہدیداروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرچہ معاملہ عدالت میں ہے اور عدالت کی طرف سے رسیور مقرر ہے، لیکن جلد ہی الیکشن ہوں گے جس میں اسلامک سنٹر کے وقار کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری اس کے تمام اراکین پر ہوگی۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اسے سیاست کا اکھاڑہ بنانا چاہتے ہیں جس سے گریز کیا جانا چاہئے۔ کیوں کہ مسلمانوں کی امانت ہے اور ہمارے بنیاد گزاروں کے انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ اسے مفادپرستی اور خود غرضی سے اوپر اٹھ کر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سنٹر نے قومی یکجہتی کے فروغ، بھائی چارہ کو بڑھاوا دینے اور ہندو مسلم اتحاد کے لئے بہتر کام کیا ہے جو اس وقت کی شدید ترین ضرورت ہے۔
مسٹر ساجد علی نے کہاکہ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کو مسلمانوں کی ترقی، فلاح و بہبود کاذریعہ بنانے کی ضرورت ہے، یہاں ایسے سنٹر قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں سول سروسز، ریاستی سول سروسز، نیٹ، جے ای ای اور دیگر پروفیشنل کورسز کی کوچنگ کا انتظام ہو،ایسے بچوں کے لئے بھی ہوجو کسی طرح کی فیس کی استطاعت نہیں رکھتے۔ یہاں مسلم بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، سنوارنے اور رہنمائی کاکام انجام دیا جائے۔ اس کے اراکین اگر چاہیں تو اسے صحیح معنوں میں مسلمانوں کی رہنمائی کا مرکز بناسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر نے بہت سے ایسے پروگرام منعقد کئے ہیں جن میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا اور اس کے لئے کام کرنا، عورتوں قانون حقوق پر پر وگرام منعقد کرنا، بین الاقوامی مسابقہ قرآن کریم، بچوں کے لئے کل ہند آسان تحریری مقابلہ، بھارت رتن اور میزائل مین اے پی جے عبدالکلام پر میموریل لیکچر، قران اور سائنس پر پروگرام، میڈیکل کیمپ، قومی اور بین الاقوامی عنوان پر قومی اور بین الاقوامی سیمنار منعقد کرنا، وغیرہ شامل رہاہے۔
مسٹر ساجد علی نے تمام اراکین سے اپیل کی کہ ملک کے موجودہ حالات میں وہ اسلامک کلچرل سنٹر کو کس طرح مسلمانوں کے لئے مزید مفید بنایا جاسکتا ہے اس پر غور کریں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ مہینوں میں الیکشن تو ہی جائیں گے لیکن اس میں اسلامک سنٹر کے وقار کو تارتار کرنے سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا