محکمہ تعلیم کابکھراشیرازہ اوراساتذہ کاطرزعمل نرالارہاہے،بیشتراساتذہ ’آرام پرستی‘کی غفلت سے دوچارہیں جواپنی من چاہی جگہ پرتعیناتی یقینی بنانے میں کامیاب رہے ہیں، کسی نہ کسی طرح برسوں سے ایک ہی جگہ پرڈٹے رہنے کیلئے وہ مقامی سیاست میں سرگرم کرداراداکرتے ہیں اورمتعلقہ سیاستدان کے اثررسوخ کو بروئے کارلاتے ہوئے اپنی خواہش کے عین مطابق اپنی پسند کے اسکول میں تعینات رہتے ہیں جہاں فرائض کی انجام دہی میں بھی جس قدرہوسکے غفلت اورکوتاہی برتنے میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی جاتی، ایسے اساتذہ کی اکثریت ہے جو محکمہ تعلیم کے نظام کو کبھی پٹری پرنہیں آنے دیتے، وہ احتجاج وعدالت کی راہ اپناتے ہیں اور اصلاحی اقدامات کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں، کئی مرتبہ ٹرانسفرکولیکر ایک نظام قائم کرنے کی کوشش ہوتی ہے لیکن یہ کبھی کامیاب نہیں ہوپاتا، ایسا ہی موجودہ دورمیں بھی ہورہاہے، محکمہ تعلیم نئی ٹرانسفرپالیسی کیساتھ سامنے آیااورہرسوہاہاکارمچ گئی، اساتذہ نے اس پالیسی کی خامیاں گنناشروع کردیں ، ہنگامہ شروع کردیا، پریس کانفرنسیں شروع کردیں اور محکمہ تعلیم کو ہدفِ تنقید بناناشروع کردیا،دبائومیں آتے ہوئے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کوبھی صحافتی برادری کیساتھ محفل سجاناپڑی اور وضاحت دینے پرمجبورہوگئے کہ نئی ٹرانسفرپالیسی کی کیاخوبیاں ہیں ، واضح رہے کہ جموں کے ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن اشوک کمار شرما نے کہا کہ اساتذہ کے تبادلے کی پالیسی تبادلے کے عمل سے متعلق تمام عوامل پر غور و فکر کے بعد اور طلبہ کے مفاد کو مرکز میں رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔ڈائریکٹراسکول ایجوکیشن جموںمیڈیا برادری کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں بات کر رہے تھے جس میں ڈاکٹر راجیش کمار، پرسنل آفیسر ڈی ایس ای جے ممتا شرما، ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ) ڈی ایس ای جے اور الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر نے میڈیا اہلکاروں کے ساتھ اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی کی مختلف شقوں پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں بتایا کہ پالیسی کا مقصد سرکاری سکولوں میں تدریسی عملے کے لیے منصفانہ اور شفاف ٹرانسفر کے عمل کو یقینی بنانا ہے۔ڈائریکٹر نے پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف سوالات کا جواب دیا اور کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے قانون کے مطابق مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے پرائیویٹ اسکولوں پر بھی زور دیا کہ وہ اخلاقی طریقوں اور فیس کے جائز ڈھانچے کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ رہنما خطوط پر عمل کریں۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں نے تعلیمی شعبے سے متعلق معاملات پر تعمیری بات چیت کو برقرار رکھنے کے لیے میڈیا برادری کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جموں و کشمیر میں طلباء کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس کوشش میں میڈیا کی مسلسل حمایت کا منتظر ہے۔تدریسی برادری کے لیے نئی ٹرانسفر پالیسی کے بارے میں مزید معلومات یا سوالات کے لیے دلچسپی رکھنے والی جماعتوں کا ضلع میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں/CEOs کے دفتر سے رابطہ کرنے کا خیرمقدم ہے۔محکمہ تعلیم کوچاہئے کہ وہ اپنی اصلاحی اقدامات بشمول نئی ٹرانسفرپالیسی پربغیرکسی دبائوکے عمل درآمدکرے اورمحکمہ میں شفافیت وجوابدہی لائے، ورک کلچرقائم کرے تاکہ بچوں کامستقبل سنورسکے۔