گاندر بل ؍؍کمشنر سیکرٹری پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اجیت کمار ساہو نے آج گاندر بل کے دورے کے دوران متعلقہ محکمے کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور ضلع میں جے جے ایم کی پیش رفت اور التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال ، اے ڈی سی فاروق احمد بابا اور سی پی او میٹنگ میں موجود تھے ۔ چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر عبدالواحد ، چیف انجینئر اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کشمیر میر محمد شاہ نواز، ہائیڈرالک اور مکینکل محکموں کے سپرنٹنڈنگ انجینئر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران کمشنر سیکرٹری کو ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای گاندر بل نے ضلع میں جل جیون مشن کی پیش رفت اورکئی التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے جانکاری دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی سکیم کے تحت 110.75 کروڑ روپے کی لاگت سے پی ایچ ای کے 35 پروجیکٹوں کو منظوری کے ساتھ ساتھ مکمل کرنے کی بھی کوششیں جاری ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ این آر ڈی ڈبلیو پی ، نبارڈ ، کیپکس اور دیہی واٹر سپلائی سکیموں کے تحت 173 کاموں میں سے 166 کاموں کی ٹینڈرنگ کی گئی ہے اور 137 کاموں کو الاٹ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 34 کام مکمل کئے گئے ہیں اور 90 کاموں پر کام جاری ہے ۔ جے جے ایم کے تحت محکمے کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے اجیت کمار ساہو نے ایگزیکٹو انجینئر پر زور دیا کہ وہ مقررہ اہداف مکمل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں ۔ اس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے گاندر بل میں ملشاہی باغ علاقے میں قائم سندھ ایکسٹینشن کنال کو ہوئے نقصان کا جائیزہ لیا ۔ اس کے علاوہ کمشنر سیکرٹری نے 10 ایم جی ڈی واٹر فلٹریشن پلانٹ رنگل کا بھی دورہ کیا اور پلانٹ کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔