یواین آئی
نئی دہلی؍؍ مرکزی حکومت نے پردھان منتری اجولا یوجنا (پی ایم یو وائی) کی توسیع کے لیے 1650 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے، جس کے ذریعے اگلے تین سال میں 75 لاکھ نئے رسوئی گیس -ایل پی جی کنکشن دیے جائیں گے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔میٹنگ کے بعد، اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مرکزی کابینہ نے مالی سال 24-2023 سے مالی سال 26-2025 تک تین سال میں 75 لاکھ ایل پی جی کنکشن جاری کرنے کے لیے پردھان منتری اجولا یوجنا(پی ایم یو وائی) کی توسیع کو منظوری دے دی ہے۔ اس کا کل خرچ 1650 کروڑ روپے ہوگا۔مسٹرٹھاکر نے کہا کہ ایل پی جی کنکشن غریب خاندانوں کو کھانا پکانے کے صاف ایندھن تک رسائی فراہم کرے گا، اس طرح کھانا پکانے کے روایتی ذرائع جیسے آگ جلانے کی لکڑی، کوئلہ، گائے کے گوبر وغیرہ کے استعمال سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔لکڑی کے جمع کرنے سے وابستہ مشقت کو دور کرنیسے خواتین کی پیداواریت میں اضافہ ہوگا ،ان کا معیار زندگی بہتر بنے گااور بعض اوقات کھانا پکانے کے ایندھن کی عدم دستیابی کی صورتحال بھی ختم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کچھ اہل گھرانوں کے پاس اب بھی ایل پی جی کنکشن نہیں ہے۔ اس کی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی، شادی، نقل مکانی، خاندانوں کے نیوکلیئرائزیشن، بچے ہوئے گھر ، انتہائی دور دراز مقامات وغیرہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ31 اگست 2023 تک 15 لاکھ پی ایم یو وائی کنکشنز کی مانگ تھی۔پی ایم یو وائی نے ملک میں ایل پی جی کی رسائی کو بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔اجولا یوجنامیں 14.2 کلوگرام کے ایک سلنڈر کے لیے 2200 روپے فی کنکشن، پانچ کلو کے دو سلنڈر کے لیے 2200 روپے فی کنکشن اور پانچ کلوگرام کے سلنڈر کے لیے فی کنکشن 1300 روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔اجوالا کے موجودہ طریقہ کار کے مطابق، پہلا سلنڈر اور چولہا بھی اجولا کے مستفیدین کو مفت فراہم کیا جاتا ہے۔