یواین آئی
حیدرآبادآندھراپردیش کے ضلع کرنول میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 9افراد ہلاک اور دیگر 4افراد زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں کرنول۔نندیال ہائی وے کے قریب سومایاجوپلی علاقہ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب آرٹی سی بس نے آٹو کو ٹکر دے دی۔اس آٹو میں13افراد سوار تھے ۔سات افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو کی اسپتال منتقلی کے دوران موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق یہ تین آٹو رکشا رانگ سائیڈ سے آرہے تھے جبکہ دو آٹوزمحفوظ طورپر جانے میں کامیاب رہے جبکہ ایک آٹو کو بس نے ٹکر دے دی ۔پینوکونڈہ اور کالاپاری مواضعات سے تعلق رکھنے والے افراد نیچروپیتھی علاج کیلئے نندیال ٹاون کے قریب مہانندی گاوں کو جانے کے لئے آٹو میں سوار ہوئے تھے ۔مرنے والوں میں زیادہ تر ضعیف اور بیمار افراد تھے ۔اگر یہ بس تینوں آٹوز سے ٹکر اجاتی تو مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا تھا۔حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی مرنے والوں کے رشتہ دار کثیر تعداد میں وہاں جمع ہوگئے ۔اس حادثہ میں آٹوکو شدید نقصان پہنچا۔حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کر رہا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔اس حادثہ پر آرٹی سی کے حکام نے کہا کہ حادثہ کی اصل وجہ آٹو کا رانگ روٹ پر آنا ہے ۔یہ بس نندیال سے حیدرآباد جارہی تھی ۔آندھراپردیش آرٹی سی چیرمین وی رامیا،ایم ڈی سریندر بابو نے اس حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔حادثہ کی اطلاع پر فوری آرٹی سی کے ریجنل منیجر کو وہاں بھیجا گیا تاکہ راحت کاموں کی نگرانی کی جاسکے ۔آرٹی سی کے چیرمین وی رامیا ،مقام حادثہ کامعائنہ کرنے کے لئے روانہ ہوگئے ۔