آزاد نے جموں و کشمیر میں انقلابی ترقی اور سیاحت کو فروغ دینے کا عہد کیا

0
0

کہا اپنے لوگوں کو موجودہ چیلنجوں سے بچانے کے لیے جموں و کشمیر میں واپس آیا ہوں
لازوال ڈیسک

سرینگر؍؍سخت سردی کے باوجود چیئرمین ڈی پی اے پی غلام نبی آزاد کے ہلر شاہ آباد، تحصیل ڈورو، اننت ناگ، کشمیر میں منعقدہ جلسہ عام میں غیر معمولی ٹرن آؤٹ دیکھا گیا۔ وہیںپرجوش ہجوم سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے آزاد نے خطے کو دبانے کی کوشش کرنے والی تفرقہ انگیز قوتوں کو شکست دینے میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنے لوگوں کو موجودہ بحران سے بچانے کے لیے جموں و کشمیر واپس آیا ہوں۔آزاد نے کہا کہ ہمارے لوگ پریشان ہیں اور ہمارے حقوق کو ناحق چھین لیا گیا ہے۔ آزاد نے دیگر سیاسی جماعتوں کو ان کی ماضی کی ناکامیوں اور خالی وعدوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں نے عوام کو گمراہ کیا اور نعرے لگائے جس کے بعد وہ بھول گئے، اب ہم ان پر کیسے اعتماد کریں؟ انہوں نے اجتماع پر زور دیا کہ وہ اپنے ٹریک ریکارڈ پر غور کریں، یہ کہتے ہوئے کہ آپ نے برسوں تک ان کا امتحان لیا اور وزیر اعلیٰ کے طور پر میرے ڈھائی سال کا مشاہدہ کیا، اب مجھے اپنی خدمت کا موقع دیں اور میں جموں و کشمیر میں انقلاب لاؤں گا۔آزاد نے بی جے پی کے سابق اتحادیوں کی منافقت پر روشنی ڈالی جو اب ان کی پارٹی پر الزام لگا رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان جماعتوں کو انگلیاں اٹھانے سے پہلے اپنے ماضی کے کاموں پر غور کرنا چاہیے، یہ کہتے ہوئے یہ وہی تھے جنہوں نے ماضی میں بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی۔ آج بھی، وہ ان سے اتحاد بنانے کی التجا کر رہے ہیں۔آزاد نے اس موقع پر جموں و کشمیر کے لوگوں کی زمینوں اور ملازمتوں کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عوام سے ناحق چھینے گئے حقوق کے تحفظ اور ان کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے قوانین بنانے کا عہد کیا۔ آزاد نے زور دے کر کہا کہ اگر میری حکومت بنتی ہے تو ہم اپنے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کریں گے۔ انہوں نے ریاستی حیثیت کی بحالی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم سے ریاستی حیثیت کی بحالی کا وعدہ کیا گیا ہے، لیکن ہمیں اس کے حصول تک لڑتے رہنا چاہیے۔ آزاد نے جموں و کشمیر میں جامع ترقی کے لیے اپنے وژن کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں انفراسٹرکچر اور سماجی شعبوں میں کی گئی نمایاں پیش رفتوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے مزید مواقع اور ترقی کا وعدہ کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور سیاحت میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کا عہد کیا۔ آزادنے رائے دہندگان پر زور دیا کہ وہ اپنے لوگوں کے لیے انصاف کی قیمت پر ووٹوں کے ٹکڑے کرنے یا تمام جماعتوں کے ساتھ خیر سگالی برقرار رکھنے کی کوششوں نہ کریں۔ آزاد نے زور دے کر کہاکہ ووٹوں کو تقسیم کرنا یا تمام پارٹیوں کو خوش کرنا ہمارے اپنے لوگوں کے مفادات کو پورا نہیں کرے گا۔اس موقع پر محمد امین بھٹ صوبائی صدر، چوہدری ہارون کھٹانہ جنرل سکریٹری، سلمان نظامی ترجمان اعلیٰ، ایڈووکیٹ سلیم پرے ڈی ڈی سی اور ترجمان، ضمیر احمد ضلع صدر اننت ناگ موجود تھے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا