یو این آئی
چنئی ؍؍ ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اسرو) ہفتہ کو ایک اور تاریخ رقم کرنے کے لئے تیار ہے جب اس کا پہلا شمسی ریسرچ مشن خلائی جہاز آدتیہ-ایل1 سورج کے ایل-1 پوائنٹ میں داخل ہوگا۔اسرو نے کہا کہ چار ماہ اور 15 لاکھ کلومیٹر کا طویل سفر مکمل کرنے کے بعد آدتیہ L-1 کل شام L1 پوائنٹ پر پہنچ جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان سورج کے بیرونی ماحول کا مطالعہ کرنے کا کارنامہ حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا۔اسرو ٹیلی میٹری، ٹریکنگ اور کمانڈ نیٹ ورک کے سائنس دان خلائی جہاز کو سورج کے گرد مدار میں سورج-ارتھ لگرینج پوائنٹ L-1 تک لے جانے کے لیے ایل اے ایم موٹرز کو چالو کریں گے۔ خلائی جہاز کو بعد میں L1 کے ارد گرد ایک بڑے ہالو مدار میں رکھا جائے گا۔تیسرے قمری مشن کے بعد ہندوستانی خلائی ایجنسی کے لیے یہ دوسری بڑی کامیابی ہوگی۔ اس سے قبل چندریان 3 چاند کے جنوبی قطبی علاقے پر کامیابی کے ساتھ اترا تھا جو اب تک نامعلوم خطہ تھا۔