یواین آئی
نئی دہلیانڈونیشیا کے جکارتہ اور پالیمبرگ میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک ہونے والے 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں ایک ماہ کا وقت باقی ہے ۔ ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے )نے کہا ہے کہ ان کھیلوں میں ہندوستان کے 800 سے زائد ارکان کا گروپ شرکت کرے گا۔ آئی او اے کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا نے اتوار کو یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ایشیائی کھیلوں کے لئے مشعل ریلے روانہ کئے جانے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کھیلوں میں ہندوستان کے 525 کھلاڑی اور 300 افسران سمیت 825 ممبران کا گروپ حصہ لے گا۔ ہندوستان کی جانب سے گزشتہ انچیونگ ایشیائی کھیلوں میں 515 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ مسٹر بترا نے ساتھ ہی کہا کہ ان کھیلوں کی تیاری بہت اچھی ہے اور ہندوستان کی کارکردگی پہلے سے بہتر رہے گی۔ ہندوستان نے گزشتہ کھیلوں میں 11 سونے ، 9 چاندی اور 37 کانسے سمیت کل 57 تمغے جیتے تھے اور وہ فہرست میں آٹھویں مقام پر رہا تھا۔ اس موقع پر موجود انڈونیشیاایشین گیمس آرگنائزیشن کمیٹی کے صدر ایرک توہیر نے بتایا کہ ان کھیلوں میں کل 16920 کھلاڑی اور افسران حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 11620 ایتھلیٹ ہیں اور یہ تعداد اولمپک سے زیادہ ہے ۔ پریس کانفرنس میں آئی او اے کے جنرل سکریٹری راجیو مہتہ اور ایشیائی اولمپک ایسوسی ایشن کے تا حیات صدر ویئی زی جھانگ اور راجا رندھیر سنگھ نیز مشعل ریلے کی ایمبیسڈر انڈونیشیا کی لیجنڈ بیڈمنٹن کھلاڑی سوسی سوسانتی موجود تھیں۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر توہر نے کہا کہ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان کافی اچھے تعلقات ہیں اور یہ تعلقات تاریخی ہیں۔ دلی میں 1951 میں ایشیائی کھیلوں کی شروعات ہوئی تھی، یہی وجہ ہے کہ ہم نے مشعل ریلے کی شروعات ہندوستان سے کی۔ ہمیں ہندوستانی گروپ کی میزبانی کرنے کا بیتابی سے انتظار ہے ۔ مسٹر بترا نے کہا کہ آئی او اے کو اس بات کی خوشی ہے کہ 18 ویں ایشیائی کھیلوں کی مشعل ریلے کا آغاز میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے ہو رہا ہے جس کی تاریخی اہمیت ہے کیونکہ ایشیائی کھیلوں کا یہیں سے سال 1951 میں انعقاد ہوا تھا۔