جموں،// جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک اگنی ویر جوان کی گولی لگنے سے موت واقع ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک ایک فوجی جوان فاروڑ پوسٹ پربحیثیت سنتری تعینات تھا جہاں 5 بجے صبح گولیوں کی آواز سننے کے بعد ان کو اپنے ساتھیوں نے خون میں لت پت دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا کہ ان کی موت اپنی ہی بندوق سے نکلنے والی گولی لگنے سے واقع ہوئی ہے۔
متوفی جوان کی شناخت امرت پال سنگھ ولد گرمیت سنگھ ساکن پنجاب کے بطور ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تحقیقات کا معاملہ ہے کہ آیا فوجی کی موت اس کے ہتھیار سے حادثاتی طور نکلنے والی گولی سے واقع ہوئی ہے یا خود کشی کا معاملہ ہے۔
ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ اگنی ویر تھا جس کی گولی لگنے سے موت واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوا دس بجے اس کو یہاں لایا گیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی لاش کو پولیس کے حوالے کیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن مینڈھر میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔