یو این آئی
پرتاپ گڑھ کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت نے دہشت گرد مسعود اظہر کو جیل سے نہ رہا کیا ہوتا تو ہمارے فوجی شہید نہ ہوتے ۔
کانگریس نے مولانا مسعود اظہر کو قید کیا اور پھانسی کی سزا ہونے والی تھی مگر بی جے پی نے اس کو رہا کرکے کندھار پہنچایا اور پیسہ دیا ۔ انہوں نے شہر کے ایک میرج ہال میں ہفتہ کی دیرشام منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔مسٹر تیواری نے کہا کہ پلوامہ کے شہید جوانوں کو شہید کا درجہ و شہید کی طرح سہولت و پینشن دی جائے ۔کانگریس نے متعدد مرتبہ سرجیکل اسٹرائک کیا لیکن کبھی اس کی تشہیر نہیں کی ۔جبکہ پنڈت جواہر لعل نہرو کی قیادت میں پرتگال کے چنگل سے گواکو آزاد کرایا گیا ۔لال بہادر شاستری کی قیادت میں اچھوگل نہر پار کرکے فوج لاہور میں داخل ہوئی ۔اندرا گاندھی کی قیادت میں سکّم کو حاصل کیاگیااور بنگلہ دیش بناکر دنیا کانقشہ تبدیل کیا ۔لیکن نجی فائدہ کیلئے کبھی استعمال نہیں کیا ۔جبکہ وزیر اعظم مودی ایک سرجیکل اسٹرائک کی تشہیر کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخاب کے بعد کانگریس کے اقتدار میں آنے پر خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے غریبوں کو 72 ہزار روپیہ دیئے جائیں گے ۔بی جے پی کا پوری طرح صفایا ہوگا کانگریس مرکز میں برسر اقتدار ہوگی ۔