وادی میں کھادوں کی قلت سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے کہا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وزیر برائے باغبانی ، سعید بشارت بخاری نے کھادوں، کمیاجات اور امور پارلیمان کے مرکزی وزیر اننت کمار سے وادی میں کھادوں کی قلت کے سبب کسانوں اور میوہ اگانے والوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے مداخلت کرنے کی درخواست کی ہے ۔ مرکزی وزیر کو بھیجے گئے مراسلے میں وزیر نے کھادیں بنانے والی کمپنیوں کو وادی کشمیر کیلئے جموں اور اودھمپور ریک پوائینٹ سے کھادیں ٹرانسپورٹ کرنے کیلئے اجازت دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ریلوے آوٹ ایجنسی کو کسانوں کو معقول اور بروقت کھادیں فراہم کرنے کیلئے عملی تعاون دینے کی بھی اپیل کی ۔ واضح رہے سیب اگانے والے باغ مالکان کی انجمن کے نمائیندوں نے اودھمپور ریک پوائینٹ پر معقول بنیادی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ سہولیت کی عدم دستیابی کے سبب وادی میں کھادوں کی قلت کا مسئلہ وزیر کے گوش گذار کیا جس کے سبب وادی کشمیر میں کھادوں کی ٹرانسپورٹیشن میں بہت زیادہ تعطل ، بالخصوص پیک سیزن میں اس تعطل سے بے حد نقصان ہوتا ہے ۔