بی جے پی کی سازش کی وجہ سے کیجریوال نے استعفیٰ دیا: آتشی

0
61
NEW DELHI, SEP 17 (UNI):- Delhi Chief Minister designate Atishi with party chief Arvind Kejriwal submits papers to form the new government to Lieutenant Governor Vinai Kumar Saxena, in New Delhi on Tuesday. UNI PHOTO-166U

لازوال ڈیسک

http://www.uniurdu.com/

نئی دہلی،// عام آدمی پارٹی (آپ) کی سینئر لیڈر آتشی نے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر پارٹی کے قومی کنوینر کیجریوال سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے صرف ایک وزیر اعلیٰ ہیں اور ان کا نام اروند کیجریوال ہے۔
قانون ساز پارٹی کی لیڈر منتخب ہونے پر محترمہ آتشی نے صحافیوں کو بتایا کہ میں دہلی کے مقبول وزیر اعلیٰ، عام آدمی پارٹی کے رہنما اور اپنے گرو اروند کیجریوال کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اتنی بڑی ذمہ داری دی اور اس کے لیے مجھ پر اعتماد ظاہر کیا۔ . یہ صرف عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال کی قیادت میں ہی ہو سکتا ہے کہ پہلی بار کی سیاست دان کسی ریاست کا وزیر اعلیٰ بنے۔ میں ایک عام گھرانے سے آتی ہوں۔ اگر میں کسی اور پارٹی میں شامل ہوتی تو شاید مجھے انتخابی ٹکٹ بھی نہ ملتا، لیکن اروند کیجریوال نے مجھ پر بھروسہ کیا۔ مجھے ایم ایل اے بنایا گیا، پھر وزیر اور آج مجھے وزیر اعلیٰ بننے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
محترمہ آتشی نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ اروند کیجریوال نے مجھ پر اتنا اعتماد کیا، لیکن آج میرے ذہن میں خوشی سے زیادہ دکھ ہے۔ دکھ اس لئے ہے کہ دہلی کے مقبول وزیر اعلیٰ اور میرے بڑے بھائی اروند کیجریوال آج استعفیٰ دے رہے ہیں۔ آج عام آدمی پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی اور دہلی کے دو کروڑ عوام کی طرف سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ دہلی کے صرف ایک وزیر اعلیٰ ہیں اور ان کا نام اروند کیجریوال ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) نے پچھلے دو برسوں سے اروند کیجریوال کو ہراساں کرنے اور ان کے خلاف سازش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ سی بی آئی ۔ ای ڈی جیسی ایجنسیاں ان کے پیچھے ہیں۔ جھوٹے مقدمے میں انہیں 6 ماہ تک جیل میں رکھا گیا ۔ بالآخر سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دے دی۔
محترمہ آتشی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نہ صرف اروند کیجریوال کو ضمانت دی ہے بلکہ عدالت نے مرکز کی بی جے پی حکومت اور اس کی ایجنسیوں کو بھی طماچہ مارا ہے۔ عدالت نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ایجنسیاں پنجرے میں بند طوطے کی طرح ہیں اور اروند کیجریوال کی گرفتاری غلط ہے۔ اگر اروند کیجریوال کی جگہ کوئی اور وزیر اعلیٰ یا لیڈر ہوتا تو وہ فوراً وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھ جاتا، لیکن جو کچھ اروند کیجریوال نے کیا وہ ملک کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ وہ عوام کی عدالت میں جائیں گے اور جب دہلی کے لوگ ان سے کہیں گے کہ وہ اروند کیجریوال کو وزیر اعلیٰ کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں اور جب عوام کہیں گے کہ انہیں یقین ہے کہ مسٹر کیجریوال ایماندار ہیں، تب ہی وہ وزیراعلی کی کرسی پر بیٹھیں گے۔
محترمہ آتشی نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ اروند کیجریوال اتنے ایماندار آدمی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں مفت بجلی ملتی ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ اگر اروند کیجریوال جیسا ایماندار وزیر اعلیٰ نہیں بنے تو انہیں مفت بجلی ملنی بند ہو جائے گی، ان کے بچوں کے سرکاری اسکولوں کا برا حال ہو جائے گا، سرکاری اسپتالوں میں اچھا علاج اور مفت ادویات، محلہ کلینک، خواتین کے لیے مفت بس سفر اور بزرگوں کی مفت یاترا بند ہو جائے گی۔

http://lazawal.com

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا