ہمارا مقصد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے:سنہا

0
116

کہا، دہشت گردی اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے اور حالیہ دہشت گردانہ کارروائیاں ہمارے دشمن کی مایوسی کی علامت ہیں
ایس ٹی سی تلوارہ ریاسی میں جے کے پی کے 16ویں بی آر ٹی سی بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی؛کہا،جموں و کشمیر پولیس نے ہمیشہ مشکل حالات میں اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا
لازوال ڈیسک

ریاسی؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ذیلی تربیتی مرکز تلوارہ ریاسی میں جموں و کشمیر پولیس کے 16 ویں بی آر ٹی سی بیچ کی اٹیسٹیشن کم پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔بارڈر بٹالین کے کل 860 نئے بھرتی کانسٹیبلوں نے آج ایس ٹی سی میں اَپنی سخت تربیت مکمل کی ہے۔ پاسنگ آؤٹ ہونے والے کیڈٹوںسے اَپنے فرائض محنت اور دیانتداری سے اَنجام دینے کا حلف لیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں بارڈر بٹالین کے پاسنگ آؤٹ کیڈٹوں کو جموں کشمیر پولیس کا اہم حصہ بننے پر مُبارک باد دی۔
ریاسی میں ذیلی پولیس ٹریننگ سینٹر ایک معزز ادارہ ہے جو دہشت گردی اور اَمن و اَمان کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اَقدار اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو تربیت دینے اور فراہم کرنے کے لئے وقف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ بہادر جوان اِنتہائی ذمہ داری ، حساسیت اور لگن کے ساتھ اَپنے فرائض انجام دیں گے اور جموں کشمیر پولیس کی شاندار وراثت کو آگے بڑھائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس کے بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس کی بہادری ، قربانی اور قوم کے لئے بے لوث خدمات کی ستائش کی۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے ہمیشہ مشکل حالات میں اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
کئی دہائیوں سے یہ پولیس فورس ہمارے ملک کی سا لمیت اور سلامتی کو برقرار رکھنے اور جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے اِنتظامیہ ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نئے بھرتی ہونے والوں سے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خطرات کو بے اثر کرنے کے لئے ایک طاقت کے طور پر کام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی اَپنی آخری سانسیں لے رہی ہے اورحالیہ دہشت گردانہ کارروائیاں ہمارے دشمن کی مایوسی کی علامت ہیں۔ ہمارا مقصد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔ ہمیں دہشت گردوں اور ان کے معاونین کو تلاش کرنا چاہیے جو اُنہیں پناہ دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات کی سمگلنگ، سائبر کرائم اور بنیاد پرستی کے اُبھرتے ہوئے خطرات پر بات کرتے ہوئے مخالفین سے ایک قدم آگے رہنے کے لئے پولیس میں اعلیٰ ترغیب اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا ،’’مجھے جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سیکورٹی ایجنسیوں پر بہت اعتماد ہے۔ وہ نہ صرف شہریوں کی حفاظت اور فوری ضروریات کے لئے ذمہ دار ہیں بلکہ سائبر سپیس میں دہشت گردی سے مؤثر طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس کے سوک ایکشن پروگراموں کی بھی ستائش کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم پولیس فورس کو جدید بنانے اور پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہیں۔ابتداً، لیفٹیننٹ گورنر نے راشٹریہ سلامی لی، پریڈ کا معائینہ کیا اور دستوں کے شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اُنہوں نے کیڈٹوں کو بھی مبارک باد دی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز اور اَسناد سے نوازا۔
اِس موقعہ پرڈی جی پی آر آر سوین نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے نئے بھرتی ہونے والوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور ان سے کہا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ کام کریں اور عوام کی خدمت میں خود کو وقف کریں۔پرنسپل ایس ٹی سی تلوارہ جمیل احمد نے تربیتی پروگرام اور بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس کے دوران منعقد ہونے والی مختلف سرگرمیوں کے بارے میںجانکاری دی۔اِس موقعہ پر چیئرمین ڈی ڈی سی ریاسی صراف سنگھ ناگ، ڈی جی پی آر آر سوائن، اے ڈی جی پی لأ اینڈ آرڈر وِجے کمار، اے ڈی جی پی جموں آنند جین، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی و پولیس اہلکار اور پاسنگ آؤٹ کیڈٹوں کے اہل خانہ موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا