مودی کامِشن کشمیر:دوروزہ دورے پر سرینگرپہنچیں گے،سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات

0
181

جموںوکشمیر کو تین ہزار کروڑ سے زیادہ کے پروجیکٹ بھی ملیں گے،یوگا کے بین الاقوامی دن کی 10ویں تقریبات کی قیادت کریں گے
یواین آئی

نئی دہلی/سرینگر؍؍وزیر اعظم نریندر مودی بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات میں شرکت کے لیے کل جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر جائیں گے، جہاں وہ 3000 کروڑ روپے سے زیادہ کی 80 سے زیادہ ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق مسٹر مودی جمعرات کی شام سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ‘یوتھ امپاورمنٹ، جموں و کشمیر میں تبدیلی’ پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وہ جموں و کشمیر میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے اور زراعت اور اس سے متعلق شعبوں میں مسابقتی بہتری کے پروجیکٹ کا بھی آغاز کریں گے۔
مسٹر مودی جمعہ کی صبح سری نگر میں 10ویں بین الاقوامی یوگا ڈے پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وہ اس موقع پر لوگوں سے خطاب کریں گے اور پھر یوگا سیشن میں حصہ لیں گے۔وزیر اعظم مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 1500 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے 84 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے۔ ان میں روڈ انفراسٹرکچر، واٹر سپلائی اسکیموں اور اعلیٰ تعلیم میں انفراسٹرکچر وغیرہ سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ مزید برآں، وزیر اعظم چنانی-پٹنی ٹاپ-ناشری سیکشن کی بہتری، انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی اور چھ سرکاری ڈگری کالجوں کی تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم زراعت اور متعلقہ شعبوں میں 1800 کروڑ روپے کے مسابقتی بہتری کے پروجیکٹ کا بھی آغاز کریں گے۔ یہ منصوبہ جموں و کشمیر کے 20 اضلاع کے 90 بلاکس میں لاگو کیا جائے گا اور اس سے 15 لاکھ استفادہ کنندگان کے ساتھ تین لاکھ گھرانوں کا احاطہ کیا جائے گا۔وزیراعظم سرکاری ملازمت میں تعینات دو ہزار سے زائد افراد میں تقرری کے لیٹر بھی تقسیم کریں گے۔ یہ پروجیکٹ نوجوانوں کو بااختیار بنائیں گے اور جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کریں گے۔
مسٹر مودی دسویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر جمعہ کو سری نگر میں بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔ اس سال کا ایونٹ نوجوان ذہنوں اور جسموں پر یوگا کے گہرے اثرات کو اجاگر کرتا ہے۔ اس میلے کا مقصد یوگا کی مشق کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو متحد کرنا، عالمی سطح پر صحت اور تندرستی کو فروغ دینا ہے۔سال 2015 سے لے کر اب تک وزیر اعظم نے دہلی، چندی گڑھ، دہرادون، رانچی، لکھنؤ، میسور اور یہاں تک کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر جیسے مختلف باوقار مقامات پر بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کی ہے۔
اس سال کے یوگا ڈے کا تھیم ’یوگا فار سیلف اینڈ سوسائٹی‘ انفرادی اور سماجی بہبود کو فروغ دینے میں یوگا کے دوہرے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ تقریب نچلی سطح پر شرکت اور دیہی علاقوں میں یوگا کے پھیلاؤ کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
اِدھر وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کشمیر کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔سری نگر کی سبھی اہم شاہراوں پر موبائیل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کے موبائیل فون بھی چیک کئے جارہے ہیں۔’ایس کے آئی سی سی ‘کو پوری طرح سے سیل کیا گیا جبکہ اردگر دعلاقوں پر ڈرون کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی لی جس دوران ان کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔ذرائع کے مطابق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر شہر سری نگر میں سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز شہر کے کئی علاقوں میں ناکہ چیکنگ کے دوران مسافروں، راہگیروں اور سکوٹی سواروں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونزکے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر سری نگر شہر میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جبکہ رات کے دوران فورسز کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے۔پولیس کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دورے کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
ان کے مطابق شہر میں جگہ جگہ خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی کے سری نگر کے حدود میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ادھروزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر فقید المثال سیکورٹی بندوبست کے بیچ سری نگر کی قابل دید زیبائش و آرائش کی گئی ہے۔وزیر اعظم کے استقبال کے لئے شہر کو ہورڈنگز سے آراستہ و پیراستہ کیا گیا ہے اور سڑکوں کے آر پار دیواروں اور درختوں پر قومی پرچم اور بی جے پی کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔
دریں اثنا مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ وزیر اعظم 21جون کو سری نگر میں یوگا ڈے میں شرکت کریں گے جس میں نو ہزار کے قریب لوگوں کی شرکت کا امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ جموں وکشمیر کے بیس اضلاع کو ورچولی اس پروگرام کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ان کامزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سری نگر دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام تر تیاریوں کو آخری شکل بھی دی گئی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا