ڈی سی جموں اور ایس پی نے ضلع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

0
234

کہاحکومت سرحدی باشندوں کو تمام بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر فراہم کرنے کیلئے پر عزم
لازوال ڈیسک

جموں؍؍ ضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا نے آج یہاں ضلع سطح کی قائمہ کمیٹی برائے سیکورٹی کی میٹنگ میں جموں ضلع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کے حالات کا جائزہ لیا۔وہیںمیٹنگ میں گہرائی سے جائزہ لیا گیا اورہند پاک بھارت سرحد کے ساتھ واقع علاقوں کے مختلف نازک مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایس پی جموں ڈاکٹر ونود کمار اور ہندوستانی فوج اور نیم فوجی دستوں کے افسران جو میٹنگ کا حصہ بھی تھے نے سیکورٹی کی صورتحال اور دشمن کی کسی بھی شرارت کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کی جانے والی تعیناتیوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ڈی ایم نے سیکورٹی صورتحال اور دشمن قوتوں کی طرف سے دراندازی یا جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوششوں کو روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے دریافت کیا۔ انہوں نے سرحد کی حفاظت اور خطے میں امن و امان کو یقینی بنانے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔ڈی ایم نے سرحدی علاقوں میں ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس میں سرحدی لوگوں کیلئے بہتر رابطہ اور بنیادی سہولیات شامل ہیں کیونکہ ان کو ان کی آبادی کی وجہ سے درپیش منفرد چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرحدی باشندوں کو تمام بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ڈی ایم نے ضلعی افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرحدی علاقوں کے پہلے سے طے شدہ دورے کریں تاکہ سیچوریشن اور سرکاری اسکیموں کی فراہمی کا مسلسل جائزہ لیا جاسکے اور مقامی عوام کی شکایات اور مطالبات پر رائے لیں۔ افسران سے کہا گیا کہ وہ سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں۔سچن کمار نے زور دے کر کہا کہ حکومت سرحدی شہریوں کے مسائل اور خواہشات کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سرحدی علاقوں میں امن و امان اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔وہاں کے لوگوں کو درپیش متعدد چیلنجوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ سرحدی علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔میٹنگ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹس، ایگزیکٹیو انجینئرس کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا