یواین آئی
سرینگر؍؍کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں زمین کھسکنے سے سامبھا- امرگڑھ سٹرلائٹ ٹرانسمیشن لائن کو پہنچے نقصان کی وجہ سے وادی کشمیر میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔کے پی ڈی سی ایل کی طرف سے جمعے کو جاری ایک بیان کے مطابق اس ٹرانسمشن لائن کو ہوئے نقصان سے وادی کو فراہم کی جانے والی بجلی سپلائی میں دس فیصد کمی واقع ہوگی۔کارپوریشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسمیشن لائن کو بحال کرنے کا کام متعلقہ اتھارٹی نے ہاتھوں میں لیا ہے تاہم انہیں یہ کام مکمل کرنے میں دس دن لگ جائین گے۔بیان میں کہا گیا: ’راجوری کے تھنہ منڈی میں زمین کھسکنے کی وجہ سے سانبہ- امر گڑھ سٹر لائٹ ٹرانسمیشن لائن کے ایک ٹاور کو نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں کشمیر وادی میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سے بجلی کی سپلائی جزوی طور متاثر رہے گی‘۔بیان میں مزید کہا گیا: ’پاور سپلائی میں دس فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے اضافی بجلی کٹوتی کی گئی ہے۔ ٹرانسمشین لائن کو بحال کرنے کا کام متعلقین نے اپنے ہاتھوں میں لیا ہے انہیں یہ کام مکمل کرنے میں دس دن لگ جائیں گے‘۔کارپوریشن نے لوگوں سے اظہار معذرت کرتے ہوئے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔