جموں میونسپل کارپوریشن کے ’’ اڈاپٹ۔ اے ۔ پارک ‘‘ پروگرام کا افتتاح کیا ۰پارک کو اپنانے اور اپنے پڑوس میں فرق پیدا کرنے کی اپیل
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں میونسپل کارپوریشن کے ’’ اڈاپٹ ۔ اے ۔ پارک ‘‘ پروگرام کا افتتاح کیا ، جو مقامی کمیونٹیز ، فلاحی انجمنوں اور دیگر تنظیموں کو محلے کے پارکوں کی دیکھ بھال اور صفائی میں حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرے گا ۔ اس پہل کے تحت جموں شہر کے مختلف مقامات پر باشعور اور ذمہ دار شہریوں کی طرف سے پہلے ہی 17 پبلک پارکس کو گود لیا جا چکا ہے ۔ تریکوٹہ نگر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے افراد ، کاروباری اداروں اور دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ایک پارک کو اپنائیں اور اپنے پڑوس میں فرق پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور کوڑا کرکٹ سے پاک خوبصورت پارکس کے قیام کیلئے عوام کی شرکت ، کمیونٹی کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے زور دے کر کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ایک لچکدار ماحولیاتی نظام کی تعمیر کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ درختوں اور پودوں کا تحفظ ہماری قدیم ثقافت اور روایات میں شامل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ہمیں اپنے قدیم ثقافتی نظام کی پیروی کرنی چاہئیے جو ماحولیاتی تحفظ کا پرچار کرتا ہے اور فطرت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ہمارے بقائے باہمی کی بات کرتا ہے ‘‘۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے ڈاکٹر میتالی گپتا اور جموں میونسپل کارپوریشن کو منفرد اور اہم پہل کے ساتھ ایک نیا انقلاب شروع کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ اڈاپٹ اے پارک ماحول کے تحفظ کے بارے میں شعور ہر گھر تک پہنچانے کا ایک موقع ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعروں کے بجائے درختوں اور پودوں کا تحفظ ہماری روز مرہ کی زندگی کا حصہ بننا چاہئیے تا کہ ہمارے شہر کو مزید خوبصورت ، آلودگی سے پاک اور ماحول دوست بنایا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ آج سے زیادہ ماحولیات کو بحال کرنے کی اتنی ضرورت کبھی نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم نے آنے والی نسلوں کو محفوظ ماحول دینے کیلئے بہت سی کوششیں کی ہیں اور لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ فطرت اور اس کے وسائل کے تحفظ کیلئے اجتماعی کوششیں کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر حکومت گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اسکولوں ، غیر سرکاری اداروں ، گاؤں کی پنچائتوں اور شہری شجرکاری کمیٹیوں کے ساتھ مل کر کئی مہمات چلا رہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ’’ یو ٹی انتظامیہ نے اس سال 1 کروڑ 30 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور یہ ہدف ذمہ دار شہریوں کی بڑے پیمانے پر شرکت سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے ‘‘۔ بعد ازاں لفٹینٹ گورنر نے ’’ اڈاپٹ اے پارک ‘‘ اقدام کے تحت پارکوں کو گود لینے والی ٹیموں کو اعزاز سے نوازا ۔ انہوں نے مختلف سٹیزن گروپس ، ریذیڈنٹ ویلفئیر ایسوسی ایشنز کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی کوششوں کو سراہا ۔ مہم کے تحت اپنائے جانے والے پارکوں میں لگائے جانے والے مختلف جڑی بوٹیوں کے پودوں کی دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی ۔ ڈپٹی مئیر جے ایم سی محترمہ پورنیما شرما نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پارکوں کو جڑی بوٹیوں کے باغات میں تبدیل کرنے کے فوائد پر روشنی ڈالی جس میں بک اسٹالز اور شہریوں کیلئے ریفرشمنٹ کے کیوسک جیسی سہولیات ہیں ۔پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی دھیرج گپتا ، ڈویژنل کمشنر جموں راگھو لانگر ، کمشنر جے ایم سی اونی لواسہ ، جے ایم سی کارپوریٹرز ، سول سوسائیٹی کے ارکان اور شہری اس موقعہ پر موجود تھے ۔