کشمیر:سماجی و مذہبی مقامات اور شادی بیاہ کی تقریبات کی جگہوں پر ٹیسٹنگ سینٹر قائم کرنے کی ہدایت
یواین آئی
نئی دہلی/سرینگر؍؍ملک میں کووڈ 19 کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11451 لوگ کووڈ سے متاثر ہوئے ہیں، جب کہ گزشتہ روز کی اسی مدت میں یہ تعداد 10853 تھی۔مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے پیر کے روز یہاں یہ اطلاع دی۔آج صبح 7 بجے تک 108 کروڑ 47 لاکھ 23 ہزار 42 لوگوں کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کل 23 لاکھ 84 ہزار 58 افراد کو کووڈ ویکسین دی گئیں۔وزارت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13204 کووڈ مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ ملک میں اب تک تین کروڑ 37 لاکھ 37 ہزار 104 افراد جان لیوا کووڈ 19 سے شفایاب ہو چکے ہیں اور یہ شرح 98.24 فیصد ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے 11451 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ روز 10,853 کیسز درج کیے گئے تھے۔اس وقت ملک میں ایک لاکھ 42 ہزار 826 کووڈ مریضوں کا علاج ہورہاہے۔ وائرس سے متاثر ہونے کی شرح 0.42 فیصد ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کل آٹھ لاکھ 70 ہزار 58 کووڈ ٹسٹ کیے گئے۔ اب تک 61 کروڑ 60 لاکھ 71 ہزار 249 ٹسٹ کیے جا چکے ہیں۔اِدھرڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکشمیر نے صوبے کشمیر کے سبھی چیف میڈیکل آفیسرس، سپر انٹنڈنٹس اور بلاک میڈیکل آفیسران کو ہدایت دی ہے کہ کووڈ مثبت کیسوں میں اضافے کے پیش نظر سماجی مقامات ، شادی بیاہ کی تقریبات اور مذہبی اجتماعات کی جگہوں پر ٹیسٹنگ سینٹر قائم کئے جائیں۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا وائرس کیسوں میں اْچھال کے پیش نظر کشمیر صوبے کے سبھی چیف میڈیکل آفیسرس ، سپر انٹنڈنٹس اور بلاک میڈیکل آفیسران سماجی مقامات ، شادی بیاہ کی تقریبات اور مذہبی اجتماعات کی جگہوں پر ٹیسٹنگ سینٹر قائم کریں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے‘۔حکم نامے میں مذکورہ آفیسران کو یہ بھی بتایا گیا ہے جن مقامات پر ٹیسٹنگ سینٹر قائم کرنے کی ضرورت آن پڑے اْس حوالے سے ایک مربوط پلان ترتیب دے کر ڈائریکٹرہیلتھ سروسز کو بھی آگاہی فراہم کی جائے۔