کے این ایس
سرینگر؍؍معروف ٹریڈ یونین لیڈر عبدالقیوم وانی نے سرکاری ملازمت سے قبل از وقت رضاکارانہ طور پرسبکدوشی کا فیصلہ لیتے ہوئے انتخابی سیاست میں اُترنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ معلوم ہواہے کہ وانی رواں برس منعقد ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے دوران پی ڈی پی کی ٹکٹ پر شمالی کشمیر کی نشست سے چنائو لڑیں گے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق برسوں تک ٹریڈ یونین اور ملازم انجمنوں کی صدارت کرنے والے عبدالقیوم وانی نے جمعہ کو سرکاری ملازمت سے قبل از وقت سکبدوش ہونے کا فیصلہ لیا ہے جس کے لیے انہوں نے باضابطہ طور پر سرکار کو اپنا رضاکارانہ استعفیٰ روانہ کردیا ہے۔اس دوران وانی نے متعدد ٹریڈ و ملازم انجمنوں بشمول جموں اینڈ کشمیر ٹیچرز فورم، ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ پیش کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وانی رواں برس منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے دوران شمالی کشمیر کی نشست پر الیکشن لڑیں گے۔کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے ساتھ بات کرتے ہوئے عبدالقیوم وانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرکاری ملازمت سے رضاکارانہ طور پر سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں انتخابی سیاست میں حصہ لے کر عوام کی بڑے پیمانے پر خدمت کرنا چاہتا ہوں اس لیے ابھی تک میرا تعلق جن ٹریڈ و ملازم انجنوں کے ساتھ رہا ہے میں نے ان کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ پیش کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں عوام کی بلالحاظ رنگ و نسل خدمت کرنے کا خواہش مند ہوں جس کے لیے میرا سیاست میں کودنا ضروری تھا۔وانی کا کہنا تھا کہ میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کی خاطر انتخابی سیاست میں آنا چاہتا ہوں ، اس حوالے سے میں رواں برس منعقد ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے دوران پی ڈی پی کی ٹکت پر شمالی کشمیر کی نشست سے چنائو لڑوں گا۔ وانی کے مطابق فی الوقت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت سے میری بات چیت ہورہی ہیں اور اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں پارٹی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ لے گی۔ سابق ایمپلائز لیڈر کا کہنا تھا کہ میں شمالی کشمیر سے پی ڈی پی کی ٹکٹ پر پارلیمانی انتخابات میں شرکت کروں گا اور عوام کی بڑے پیمانے پر خدمت کروں گا۔ اس حوالے سے میں پی ڈی پی کے ساتھ رابطے میں ہوں اور ہمارے درمیان طریق کار اور لائحہ عمل سے متعلق جلد ہی فیصلہ سامنے آئے گا۔وانی نے بتایا کہ میرا ماننا ہے کہ سیاست میں آکر لوگوں کی بہتر طریقے پر خدمت انجام دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں پرامید ہوں کہ پارلیمنٹ میں داخل ہوکر میں ریاستی عوام کے حساس اور اہم معاملات کو حل کرنے میں کامیاب ہوجائوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی میدان میں کودنے کے بعد میری یہی کوشش رہے گی کہ میںمستقبل میں بھی اُسی طرح ریاستی عوا م کی بلالحاظ رنگ و نسل خدمت کروں جس طرح میں نے ماضی میں مختلف سطحوں پر خدمات انجام دیں۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ عبدالقیوم وانی کی پی ڈی پی میں شامل ہونے پرپارٹی کے سرپرست ایڈوکیٹ مظفر حسین بیگ آج سرمائی دارالحکومت جموں میں صبح 11:30بجے پریس کانفرنس کا اہتمام کررہے ہیں۔