ڈوڈہ میں المناک سڑک حادثہ، 11 مسافر از جان، 15 زخمی

0
0

جموں،//جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں 11 افراد جان بحق جبکہ زائد از ایک درجن زخمی ہوگئے۔
.سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹھاٹری سے ڈوڈہ جارہی ایک منی گاڑی سوئی گواری کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت گیارہ افراد کی موت جبکہ پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس، فوج، ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچاؤ آپریشن شروع کرکے زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا۔
جی ایم سی ڈوڈہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس حادثے میں گیارہ مسافروں کی موت جبکہ پندرہ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے چھ کو علاج و معالجے کے لئے جموں ائیر لفٹ کیا گیا ہے جبکہ باقی جی ایم سی ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں۔
متوفین میں سے دس کی شناخت 60 سالہ غلام حسین شاہ ولد محمد مقبول شاہ، اس کا بیٹا 30 سالہ شبیر احمد شاہ ساکن بھروت محلہ، 19سالہ ریتک شرما ولد لکھ راج شرما ساکن جموں، 23 سالہ جمال الدین ولد لال الدین ساکن بکھانہ محلہ،65 سالہ محمد لطیف ولد محمد رمضان ساکن بھدرواہ،55 سالہ اناری دیوی زوجہ سوامی رام ساکن سسول بھر شالہ،65 سالہ بہادر سنگھ ولد ہری سنگھ ساکن شردھانی بھلہ،22 سالہ سنتوش کمار ولد سوم ناتھ،24 سالہ راجیش کمار ولد بھودی سنگھ ساکن پرنوٹ محلہ اور سوم ناتھ کے بطور کی گئی ہے۔
زخمیوں میں سے چھ کی شناخت، جنہیں جموں ایئر لفٹ کیا گیا ہے،27 سالہ رمیش کمار،24 سالہ مونیکا دیوی، 22 سالہ سنتوشا دیوی،25 سالہ بابر،32 سالہ پرویز احمد اور 22 سالہ پونم دیوی کے بطور کی گئی ہے۔
باقی زخمیوں کی شناخت 18 سالہ سنجے کمار، 45 سالہ نوین اختر،21 سالہ روہت شرما،17 سالہ نیتو دیوی،22 سالہ وکرم سنگھ،22 سالہ اشوک شرما،21 سالہ عارف حسین اور 45 سالہ سویتا دیوی کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ کے علاوہ کئی مقامی سیاسی لیڈروں نے اس دلدوز حادثے میں انسانی جانوں کے اتلاف پر اظہار غم کیا ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹری علاقے کے نزدیک ہونے والے سڑک حادثے سے دکھ ہوا اس مصیبت کی گھڑی میں، میں پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں‘۔
انہوں نے کہا: ’مہلوکین کے لواحقین کو وزیر اعظم نیشنل ریلیف فنڈ میں سے لاکھ روپیے جبکہ زخمیوں کو پچاس ہزار روپیے ایکسگریشا دئے جائیں گے‘۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس سڑک حادثے پر اظہار غم کرتے ہوئے کہا: ’ڈوڈہ میں ہونے والے المناک سڑک حادثے کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ مہلوکین کے پسمانگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔ میں نے ضلع انتظامیہ کو متوفین کے لواحقین کو فوری امداد بہم پہنچانے اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں‘۔
ان کا اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہنا تھا: ’جموں وکشمیر حکومت ڈوڈہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے بہتر علاج و معالجے کو یقینی بنائے گی۔ ایل جی کے صوابدیدی فنڈ میں سے مہلوکین کے لواحیقن کو دو لاکھ رپیے اور روڈ ویکٹم فنڈ میں سے ایک لاکھ روپیے دئے جائیں گے۔ میں خود صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہوں اور متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی‘۔
وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ’ڈوڈہ کے نزدیک ہونے والے المناک حادثے کے بارے میں جانکاری حاصل ہوئی۔ میں نے ابھی ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ وکاس شرما کے ساتھ بات کی، زخمیوں کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا جا رہا ہے، مزید جو بھی مدد درکار ہوگی فراہم کی جائے گی، میں آٹھ مہلوکین کے لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں‘۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس سڑک حادثے پر اظہار غم کرتے ہوئے کہا: ’ڈوڈہ کے المناک سڑک حادثے سے انتہائی رنج ہوا میں اس حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں‘۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا