جامع مسجد غوثیہ قادریہ ملاچھ چھونگاں میں جشن میلادالنبیؐ کا پروگرام ہوا منعقد

0
0

نبی کریم نے اپنی ساری عمر اخلاقی اصولوں کی تبلیغ اور الٰہی قوانین کی اشاعت میں گزاردی:علماء کرام
سرفرازقادری

مینڈھر؍؍جامع مسجد غوثیہ قادریہ ملاچھ چھونگاں میں حافظ محمد اشتیاق امام و خطیب جامع ھذا کی صدارت میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تعلق سے عالی شان پروگرام ہوا منعقد۔ پروگرام میں علماء کرام نے مدلل وفصل بیانات کرتے ہوئے کہاکہ جب سے انسان اس دنیا میں آباد ہوا ہے ۔اس وقت سے آج تک ہر دور میں کسی نہ کسی خطے میں کوئی انسان ایسا ضرور پیداہوتا رہا ہے جس نے انسانوں کو سیرت و کردار کی تعمیر کی دعوت دی اور اخلاق و اعمال کی درستگی کا درس دیا۔ ان اخلاقی رہنماؤں نے ہمیں بنیادی انسانی صفات پر قائم رہنے، حیوانوں سے ممتاز زندگی گزارنے اور بلند ترین اخلاقی صفات اپنے اندر پیدا کرنے کی تعلیم دی۔ ان ہی رہنماؤں میں سے ایک مقدس و پاک ذات محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بھی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جزیرہ نمائے عرب میں اس وقت پیداہوئے جب پورا عرب شدید اخلاقی بحران کا شکار تھا اور دنیائے انسانیت میں عجیب ہیجان سا برپا تھا۔ اخلاقی اصول بے محابا توڑے جارہے تھے اور انسانیت کی برسرعام تذلیل کی جارہی تھی۔ انسان سیرت و کردار کی تعمیر سے غافل اور عزت و ناموس کی تخریب کاری میں مشغول تھا۔ وہ ساری انسانی صفات سے بے پرواہ اور بلند اخلاقی اصولوں سے نابلد تھے کھلے عام بدکاری کرنا ، دوسروں کے حقوق غصب کرنا، دوسروں کی عزت و جان پر حملہ آور ہونا۔ یہ عام سی بات تھی۔ ایسے میں اخلاق و کردار کی بات کرنا کچھ ایسا ہی تھا جیسے صحرا میں صدا لگانا، مگر اس نبی کریم نے اپنی ساری عمر اخلاقی اصولوں کی تبلیغ اور الٰہی قوانین کی اشاعت میں گزاردی اور ایک دن کے لئے بھی وہ اپنے ماحول کی تیرگی سے مایوس نہ ہوئے۔ آخر کار وہ دنیائے انسانیت سے اخلاقی باختگی کی انسانیت سوز فضا کو ختم کرنے میں پورے طور پر کامیاب ہوگئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محنت شاقہ نے ایک مردہ وافسردہ قوم میں زندگی کی روح پھونک دی۔ باہم برسرپرخاس قبیلوں کے مجموعہ متفرقات کو وحدت بخش کر ایک ایسی قوم بنادیا، جس کا محرک عمل حیات ابدی کی امید تھی۔ روشنی کی جو منتشر شعائیں اس وقت علیحدہ علیحدہ دل انسانی پر پڑی تھی انہیں لے کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک نقطہ پر مرکوز کردیا۔ معاشرہ کو نہ صرف ایک مثالی معاشرہ میں تبدیل کیا، بلکہ اس معاشرہ کے افراد کو انسانیت کا علمبردار بناکر پیش کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان میں روحانی واخلاقی پاکیزگی، فرد کی آزادی، فرد اورمعاشرہ کے مابین ایک توازن قائم کیا جس کی مثال انسانی تاریخ میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔ بیانات کرنے والے علمائ کرام مولانا عبدالرشیدرضا نعیمی،مولانا یوسف رضا حیدری، مولانا جاویدرضا نعیمی قادری، مولانا عبدالقیوم نقشبندی، حافظ سرفرازاحمد خان قادری، مولاناعرفان مصباحی، حافظ فاروق رضا اظہرنعیمی، پروگرام کے آخر میں صلاۃ و سلام کے بعد عالم اسلام کے لیے دعا کی گئی اور لنگر تقسیم ہوا۔اس موقع پر حافظ لیاقت وارثی، مولانا اسلم رضا، مولانا افتخار احمد مصباحی، حافظ نزاکت حسین،مولانا ذاکر حسین،مولانا نور احمد،مولوی معروف، محمدفاروق، اخلاق احمد، مشتاق احمد، شیراز احمد، کے علاوہ علاقے کے معززین اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا