مرکزی وزیر مملکت کیمیائی ، کھاد ، نئی اور قابلِ تجدید توانائی بھگونت کھوبا کا دورۂ رِیاسی
ریاسی؍؍مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے کیمیائی ، کھاد ، نئی اور قابل تجدید توانائی بھگونت کھوبا نے آج ضلع رِیاسی کے سب ڈویژن مہور کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر وزیر مملکت کو متعدد مسائل گوش گزار کئے گئے جس میں کم موبائل فریکوئنسی ، پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑکوں کی سست رفتار کام ، زیادہ کان کنی کی شرح ، اراضی حصول کے معاوضے کی شرح کم ، سولر لائیٹس کی ضرورت ، کیندریہ وِدھیالیہ ، نند ولی پاور پروجیکٹ فریم ورک کا آغاز ، قبائلیوں کے لئے رہائشی ہٹ ، سب سٹینڈ مہور میں پارکنگ سہولیت اور کھیل میدان سہولیات شامل ہیں۔مرکزی وزیر مملکت نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت کوششیں کر رہی ہے کہ ترقیاتی اور فلاحی سکیموں کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام محکموں کی جانب سے فوری عوامی ترسیلی نظام کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کے اہم شعبوں میں ایک ہے۔مرکزی وزیرمملکت نے کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر میں ترقی کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ان کے دورے کے مقصد سرکاری سکیموں کی عمل آوری پر پیش رفت کا جائزہ اور عوام الناس سے رائے لینا ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ آیوشمان بھارت سکیم وزیر اعظم کا ایک اقدام ہے تاکہ غریبوں کی صحت کا خیال رکھا جاسکے تاکہ وہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے طبی علاج سے محروم نہ رہیں۔اُنہوں نے پی آر آئی کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اَپنے اَپنے علاقوں میں چلائے جانے والے منصوبوں کی مؤثر طریقے سے نگرانی کریں تاکہ دیہی زمین کی تزئین کو تبدیل کرنے کا حکومتی ہدف حقیقی معنوں میں حاصل ہو۔اِس موقعہ پر اجوالا یوجنا ، آیوشمان بھارت اور ممکن سکیموں سے استفادہ کرنے والے مستحقین نے اِس طرح کی عوام دوست سکیمیں شروع کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔عوامی مطالبات کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر چرندیپ سنگھ نے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے عوام کو دہلیز پر شفاف ، جواب دہ حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے حصولیابیوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔مرکزی وزیر مملکت نے مرکزی معاونت والی سکیموں اور دیگر سکیموں کے فائدہ اُٹھانے والوں کے ساتھ بات چیت کی ہے۔بعد میں اُنہوں نے مہور میں بال آشرم کا دورہ کیا اور انہوں نے وہاں بال آشرم میں رہائش پذیر اَفراد سے بات چیت کی اور طلباء کو سپورٹس کٹس بھی دی۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی عبدالستار ، اے سی ڈی انیرودھ رائے اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔