جموں، // جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں سکیورٹی فورسز نے جنگجوئوں کے ایک گروپ کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ جنگجوئوں کا وہی گروپ ہے جس نے پچھلے ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
ذرائع نے بتایا: ‘خفیہ اطلاعات کی بنا پر دو ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جو بھاری مسلح جنگجوئوں کے ایک گروپ کو کھانا اور شیلٹر فراہم کرنے میں ملوث ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘دونوں سے پوچھ گچھ جاری ہے’۔
بتا دیں کہ ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مسلح جھڑپ میں اب تک دو جونیئر کمیشنڈ افسروں سمیت 9 فوجی جوان مارے گئے ہیں۔
علاقے میں موجود جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز اور ہیلی کاپٹروں کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے۔ وہاں سے گزرنے والی شاہراہ پر بھی گاڑیوں کی آمد و رفت مسلسل بند ہے۔