نئی دہلی //کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کی قیادت میں کانگریس کے ایک وفد نے بدھ کو صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اور لکھیم پور کھیری تشدد کے واقعہ پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کو برطرف کیے جانے کا مطالبہ کیا مسٹر مشرا کے بیٹے آشیش مشرا پر الزام ہے کہ انہوں نے لکھیم پور کھیری میں احتجاجی کسانوں پر گاڑی دوڑایا جس میں کم از کم چار کسانوں کی موت ہو گئی۔
کانگریس کے رہنماؤں نے لکھیم پور کھیری واقعہ کی تفصیلات صدر کے حوالے کرتے ہوئے اس معاملے کی عدالتی تفتیش اور مرکزی وزراء کی کونسل سے مسٹر اجے مشرا کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
صدر سے ملاقات کے بعد مسٹر گاندھی نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کسانوں کے لواحقین اور لکھیم پور کھیری واقعہ میں مارے گئے ایک صحافی کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا ، ’ہم ان لوگوں کے خاندانوں سے ملے ہیں جو لکھیم پور کھیری میں کچلے گئے تھے۔ متاثرین انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ، وہ مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں‘۔
صدر سے ملاقات کے بعد پرینکا گاندھی نے ٹویٹر پر لکھا ،’لکھیم پور کھیری قتل عام کے واقعہ پر ، آج مسٹر راہل گاندھی اور کانگریس کے سینئر رہنماؤں نے عزت مٓاب صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرکے انصاف کی آواز بلند کی‘۔
انہوں نے کہا کہ صدر نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے میں حکومت سے بات کریں گے۔
غور طلب ہے کہ 3لکھیم پور کھیری میں اتر پردیش کےنائب وزیراعلیٰ کیشوا پرساد موریہ کی آمد کی مخالفت کرنے والے کسانوں کے ہجوم پر مبینہ طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیٹے آشیش مشرا کے تین اکتوبر کو گاڑی دوڑانے اور اس سے مشتعل تشدد میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ اس معاملے میں پولیس نے طویل پوچھ گچھ کے بعد آشیش مشرا کو گرفتار کیا ہے۔ کسان رہنما اور اپوزیشن پارٹیاں مسٹر اجے مشرا کی برطرفی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔