کالج میں این ایس ایس یونٹ قائم کیا گیا ہے، تاکہ طلباء میں اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جا سکے: پروفیسر سمنیش جسروٹیا
لازوال ڈیسک
جموں//گورنمنٹ ڈگر ی کالج درہال کے این ایس ایس یونٹ نے آج یہاں این ایس ایس کا دن پورے جوش و خروش سے منایا۔وہیں رضاکاروں نے اس موقع پر ثقافتی پروگرام پیش کرنے کے علاوہ حب الوطنی کے نغمے پیش کئے۔دریں اثناء ڈاکٹر اطہر عزیز رائنا نے اپنی تقریر میں این ایس ایس یونٹ کی جانب سے گزشتہ ایک سال میں کی گئی سرگرمیوں کی تفصیل دی۔ انہوں نے کہا کہ رضاکاران کوویڈ 19 کے حوالے سے آگاہی جیسے مختلف اسائنمنٹس انجام دینے میں بھی کافی سرگرم تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان مشکل وقتوں میں نوجوان وارئر کے طور پر بھی کام کیا اور عام لوگوں کو کرونا وائرس کی بیماری سے بچنے کے لئے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔وہیں کالج کے پرنسپل پروفیسر سمنیش جسروتیا نے کالج کے این ایس ایس رضاکاروں کو این ایس ایس ڈے منانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو ہندوستان میں نیشنل سروس سکیم کے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے آغاز کے بعد سے رضاکاروں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں این ایس ایس یونٹ قائم کیا گیا ہے تاکہ طلباء میں اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جا سکے اور طلباء کی شخصیت کو بھی فروغ دیا جا سکے کیونکہ انہیں کالج میں اور باہر مختلف سرگرمیوں کے دوران اپنی صلاحیتوں اور قائدانہ صلاحیت کو ظاہر کرنے کے بہت سارے مواقع ملتے ہیں۔وہیں پروگرام میں این ایس ایس کے رضاکاروں اور عملے کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔