نئی دہلی، // وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سنیچر کو کہاکہ ہندستان اور آسٹریلیاکے مابین پہلے وزرا سطح کے ٹوپلس ٹو مذاکرات میں افغانستان بات چیت کا ایک اہم موضوع ہوگا۔
مسٹر جے شنکر آسٹریلیا کی وزیر خارجہ میرس پین اور وزیر دفاع پیٹر ڈٹن کے ساتھ پہلی ٹوپلس ٹو وزرا سطح کی میٹنگ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں اپنے ابتدائی تبصرہ میں کہاکہ یہ بات چیت نہایت اہم وقت پر رہورہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ایسے وقت میں ملاقات کررہے ہیں جو نہایت اہم ہے۔ وبا کے ساتھ ساتھ سیاسی ماحول جو تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ ہمیں دو طرفہ سطح پر اور دیگر ہم خیال شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنے قومی مفادات اور پرامن، مستحکم اور خوشحال بحرالکاہل خطہ کے لئے مناسب اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس میٹنگ کے بارے میں رضامندی گزشتہ برس دونوں ممالک کے مابین جون میں ہوئے پہلے ورچول سربراہی اجلاس میں ہوئی تھی اور اسی اجلاس میں دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہوگئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ ہندستان کی ٹوپلس ٹو بات چیت دنیا کے چنندہ ممالک کے ساتھ ہورہی ہے۔