او بی سی کوٹہ بڑھا کر 27فیصد کیاجائے:اپنی پارٹی

0
0

راجوری میں متعدد افراد نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍:ضلع راجوری میں او بی سی طبقہ سے وابستہ اپنی پارٹی لیڈران نے ایک پروگرام کا اہتمام کیا جس میں حکومت سے مانگ کی گئی کہ جموں وکشمیر میں ریزرویشن کوٹہ بڑھا کر27فیصد کیاجائے۔ پریس بیان کے مطابق پروگرام میں پارٹی ضلع صدر راجوری سید منظور حسین بخاری، سابقہ ایم ایل اے راجوری چوہدری قمر علی اور دیگرلیڈران نے شرکت کی۔ پروگرام کا اہتمام او بی سی صوبائی صدر سوہن سنگھ سونی نے کیاتھا۔ اس دوران اپنی پارٹی سنیئرلیڈران کی موجودگی میں متعدد افراد نے پارٹی کا دامن تھاما جن میں کلدیپ راج، کبیر شہنشاہ، سنجیو کمار، راج کمار، لیاقت علی، جاوید خان، سنجے اور جگی سنگھ قابل ِ ذکر ہیں۔ نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کرتے ہوئے سابقہ ایم ایل اے چوہدری قمر علی نے ضلع راجوری کے مختلف ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی سبھی پسماندہ اور نظر انداز طبقہ جات کی بہتری کے لئے وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہاکہ اِس سرحدی ضلع کی عوام کو جن سیاسی جماعتوں نے گمراہ کیا، وہی اِس کی پسماندگی کی ذمہ دار ہیں۔ وہ یہاں پر رابطہ سڑک اور صحت ڈھانچہ کو فروغ نہ دے سکے۔ ضلع صدر سید منظور حسین شاہ بکاری نے بھی تنظیمی اور ترقیاتی امور کو زیر ِ بحث لایا۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے سرحدی ضلع کو خصوصی توجہ درکار ہے۔ راجوری ضلع کے دیہی علاقوں کے اسپتالوں میں ناقص سہولیات ہیں، حکومت کو چاہئے کہ صحت سہولیات متعلق امور کو حل کرنے اور رابطہ سڑک کو بہتر بنایاجائے۔ دریں اثناء سوہن سنگھ سونی نے جموں وکشمیر میں دیگر پسماندہ طبقہ جات کو درپیش مشکلات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ یہ باعث ِ تشویش ہے کہ دیگر پسماندہ طبقہ جات کے لوگوں کو حکومت نظر انداز کر رہی ہے۔ انہوں نے مانگ کی کہ او بی سی طبقہ کو جموں وکشمیر میں27فیصد ریزرویشن دی جائے تاکہ سماجی، تعلیمی اور سیاسی طور اُن کی ترقی ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اِس طبقہ کو بھی جموں وکشمیر میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقعے فراہم کئے جانے چاہئے۔ یہ غریب لوگ ہیں اور زیادہ تر مزدوری کرتے ہیں۔ اِس طبقہ کو تعلیمی اور پرویشنل کالجوں میں ریزرویشن درکار ہے جیسا اِنہیں کیلئے ملک کے دیگر حصوں میں 27فیصد کوٹہ مخصوص ہے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا