سڑک کی خستہ حالی پر لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا،خواص پہنچنے میں ڈی سی کا شاندار استقبال !
دلشاد احمد
کوٹرنکہ؍؍دپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون نے خواص کا دورہ کیا جہاں پبلک دربار منعقد کیا جس میں لوگوں کے مسائل سننے کے بعد تمام مسائل کوحل کرنے کی یقین دھانی کرائی گئی ۔تاہم اسی دوران ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شیوان نے پہلی مرتبہ خواص سڑک پر اپنی گاڑی میں سفر طے کیا ۔سفر کے دوران ڈپٹی کمشنر راجوری کی گاڑی کوالڈی گلی سے پہلے مسافروں نے روکا ڈپٹی کمشنر گاڑی سے نیچے اترے اور بڑے اطمینان کے ساتھ مسافروں نے اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ جب ہم غریبوں کو کوٹرنکہ تا خواص سڑک پر سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے پریشانیوں کا سامنا ہوتا ہے تب یہاں کوئی محکمہ کی طرف سے ہماری امداد کے لئے نہیں آتا ہے لیکن آج جب آپ کو خواص سڑک پر چلنا تھا تو کیا وجہ تھی کہ پچھلے 24گھنٹوں سے تین چار مشینیں لگاتار مٹی ڈال کر کھڈے بھرنے میں مشغول ہیں ۔محکمہ کے ملازمین یہاں دستیاب ہیں اے ڈبل ای صاحب جو کبھی زحمت نہیں کرتے تھے ۔خواص سڑک پر چلنے کے لئے وہ گزشتہ روز دن بھر خواص سڑک پر بھٹکتے رہے اور کھڈوں کو بھرنے کی کوشش کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے پریشان حال مسافروں سے دکھ بھری داستان سننے کے بعد یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر سڑک کی حالت بہتر کی جائے گی ۔ مقامی لوگوں کی زیر نگرانی میں کام ہوگا ۔ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون آگے بڑھتے ہوئے اپنے قافلے کے ساتھ خواص پہنچے جہاں لوگوں نے شاندار استقبال کیا اور موصوف کو اپنی مشکلاتوں سے آگاہ کیا ۔خواص پبلک دربار میں لوگوں نے ڈپٹی کمشنر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پانی بجلی راشن منریگا کے بقایہ جات کے علاوہ پردھان منتری یوجنا اسکیم کے تحت بنائے گئے مکانوں کی دوسری اور تیسری قسط کی ادائیگی نہیں ہوئی۔ سرکار کی طرف سے جاری کی گئی درجنوں اسکیمیں جوکہ یہاں کی عوام تک پہنچ نہیں پارہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ دیگر تمام تر سہولیات کا فقدان ہے ۔خواص میں بھی لوگوں نے کوٹرنکہ تا خواص سڑک کے تعمیری کام کی سست رفتار اور خستہ حالی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ خواص سڑک کے نام پر لوگوں کے ساتھ یہ اتنی بڑی ناانصافی کیوں ہورہی ہے ۔آخر کیوں یہاں کے لوگوں کو پچھلے پچاس سالوں سے مسلسل ایک سڑک کے نام پر بیوقوف بنایا ہوا ہے۔لوگوں نے کہا کہ ملک کو آزاد ہوئے 75سال مکمل ہوگئے ہیں اور پچاس سالوں سے ہماری کوٹرنکہ خواص سڑک بھی حکمرانوں کی نا انصافیوں کا ثبوت پیش کر رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے لوگوں کی مشکلاتوں کو سننے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ پہلے سے زیادہ اب لوگوں کو منریگا کے کام دستیاب ہونگے ۔فاریسٹ رائیٹ ایکٹ کی طرف توجہ دیں اور آپنی پنچایت کی جو کمیٹی ہے ۔اس سے ملیں تاکہ آپ کو اپنا حق مل سکے ۔ڈی سی نے کہا کہ میں ضلع میں نے پانچ ہزار ڈیری کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ اس میں جڑیں اور فوائد حاصل کریں اور کھیلو انڈیا کے تحت ہر پنچایت میں دس کنال زمین دینے کا وعدہ حکومت نے کیا ہے ۔ڈی سی نے کہا کہ دفتروں میں ملازمین کی غیر حاضری پر سخت نوٹس لیا جائے گا اور ایک لیسٹ تیار کی جارہی ہے کہ جو لوگ اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دیتے ہیں ان کو گھر بھیج دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن کے تحت خواص میں 68کروڑر روپیہ خرچ کیا جائے گا اور پی ایم ای وائی کے تحت جن لوگوں کے گھر بن گئے ہیں ان کی دوسری اور تیسری قسط دو دن کے بعد پڑ جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواص سڑک پر واقع میں ٹریکٹر کا چلنا مشکل ہے ۔ہماری ایک گاڑی کا پٹا آتے ہوئے ٹوٹ گیا ہے۔اور چھوٹی گاڑیوں کا چلنا ناممکن ہے سڑک کی انتہائی خستہ حالت ہے جس سے واقع لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ رات سے اس سڑک کے متعلق اعلیٰ حکام سے بات کرنے میں مصروف ہوں اور ایک ہفتے کے اندر ہی کچھ بدلاؤ دیکھنے کو ملے گا دو مہینے کے بعد آپ کچھ زیادہ تبدیلی دیکھیں گے میں خود بھی دیکھنے آؤں گا پبلک دربار میں کافی تعداد میں عوام کے علاوہ پنچزز اور سرپنچوں نے شرکت کی۔