سال 2020-21 میں 46 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے آیوش سے فائدہ اٹھایا
پٹنہ، //وزیر صحت منگل پانڈے نے بدھ کو یہاں کہا کہ محکمہ صحت ریاست کے لوگوں کو بہتر اور قابل رسائی صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر سمت میں کام کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب ایلوپیتھک ادویات کے ساتھ ساتھ ریاست میں آیوش ادویات کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ لوگوں کو آیوش ادویات پر اتنا اعتماد ہے کہ مالی سال2020-21 میں 46 لاکھ 2 ہزار 514 مریضوں نے خود آیوش ادویات سے علاج کرایا۔ اس کے ساتھ ہی ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز میں آیورویدک ڈاکٹروں اور جی این ایم کی تعیناتی کا عمل بھی تیز کردیاگیا ہے جس کا مقصد دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب بہتر طبی سہولیات فراہم کرانا ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ ریاست میں اگنو کے ذریعہ کل 25 لرنر سپورٹ سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ آیورویدک ڈاکٹروں اور جی این ایم اور بی ایس سی نرسوں کی تربیت ان مراکز میں کی جاتی ہے۔ اب تک 1069 تربیت یافتہ آیورویدک ڈاکٹر اور جی این ایم اور بی ایس سی نرسیں کمیونٹی ہیلتھ آفیسر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ 6 ماہ کا کورس ہر سال جنوری اور جولائی میں کیا جاتا ہے۔ جنوری 2021 میں اگنو (اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی) کے سیشن میں کل 554 منتخب امیدواروں کو تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ آیورویدک، ہومیو اور یونانی ڈاکٹروں کو منتخب کرکے اضافی پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں ملازمت دی جارہی ہے۔
جناب پانڈے نے کہا کہ محکمہ صحت نہ صرف لوگوں کو بہتر سروس فراہم کرنے کے لیے ضروری وسائل کو متحرک کر رہا ہے بلکہ ہسپتالوں اور میڈیکل کالجوں میں ڈاکٹروں کے علاوہ افرادی قوت میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔ کمیونٹی ہیلتھ آفیسر کے لیے آیورویدک ڈاکٹروں کے علاوہ جی این ایم اور بی ایس سی نرسوں کو 6 ماہ کا سرٹیفکیٹ اِن کمیونٹی ہیلتھ کا کورس کرایا جا رہا ہے۔ کورس مکمل کرنے کے بعد انہیں ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر میں کمیونٹی ہیلتھ آفیسر کے طور پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ اب تک 704 آیورویدک، 428 ہومیو اور 252 یونانی ڈاکٹروں کو منتخب کرکے انہیں ریاست میں ملازمت دی گئی ہے۔ اس طرح کل 1384 آیوش ڈاکٹروں کو ملازمت دی گئی ہے۔