اجولا اسکیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا،کہاملک کو خود کفیل بنانے میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل
لازوال ڈیسک
لکھنو؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو خواتین کی باختیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگلے 25سالوں میں ملک کو خودکفیل بنانے میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہوگا۔مسٹر مودی منگل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مہوبی میں اجولا اسکیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کرنے کے موقع پر کہا کہ ملک کی تعمیر میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے حصولیابیوں کے متعدد ریکارڈ قائم کئے ہیں لیکن آزادی کے سات دہائی کے بعد بھی ان کی حالت زار کافی ناگفتہ بہ ہے۔ این ڈی اے نے آدھی آبادی کی اہمیت کیپیش نظر خواتین سے وابستہ اسکیمات کو مشن مود میں لے کر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں اجولا اسکیم میں پورے ملک کی آٹھ کروڑ خواتین کو مفت ایل پی جی کنکشن فراہم کر کے دھوئیں سے پاک ایندھن سے جوڑا گیا۔آزادی کی 75وین سالگرہ پر ان دنوں ملک میں چل رہے آزادی کے امرت مہوتسو پروگرام اور بہن بھائی کے پاک رشتوں کا مظہر رکشا بند ھن کے تیوہار پر حکومت نے اجولا 2.0کا آغاز کر کے ان ایک کروڑ کنبوں کی خواتین کو ایل پی جی کنکشن کا تحفہ دینے کا ہدف طے کیا ہے جو اس سے حاصل کرپانے میں ابھی تک محروم رہے ہیں۔اجولا کے دوسرے مرحلے میں محنت کش طبقے کو خصوصی فائدہ ملے گا۔ انہیں اب کنکشن کے لئے پتے کا تصدیق نامہ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ خود سے تصدیق کر کنکشن حاصل کرسکیں گے۔ ملک میں رسوئی گیس کا کوریج سو فیصدی ہونے کو ہے۔ سلنڈروں کی بکنگ و فراہمی کی دقت کو دور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہر گھر میں پائپ لائن سے گیس پہنچانے کی اسکیم پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔ اس سال کے آخر تک یوپی کے 50اضلاع کو اس پروجکٹ سے جوڑنے کی کوشش ہے۔وزیر اعظم نے آج ورلڈ بایو فیول ڈے کے موقع پر منعقد اس پروگرام میں بایو ایندھن پر خصوصی طور سے تبادلہ خیال کیا اور اسے خود کفالت کے لئے اہم بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے گنے کی فصل، کچرا و خراب اشیاء سے ایتھینال تیار کیا جارہا ہے جو اگلے چل کر ہمارے لئے ایندھ کا ایک مضبوط متبادل ہوگا۔وزیر اعظم نے اس سے قبل بٹن دبا کر اجولا2.0اسکیم کا آغاز کیا۔ اس دوران مہوبہ میں جائے پروگرام پر موجود اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ انتھ نے نو منتخب دس مستفیدین خواتین کو ایل پی جی کنکشن تقسیم کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پرگرام میں اجولا اسکیم 1.0 کے مستفیدین اتراکھنڈ کی گوندھی، گوا کی ایکتا، چوپڑیکر، امرتسر کی آشا، گورکھپور کی کرن دیو اور بھوپال کی سنیتا سے ورچولی بات بھی کیا اور رسوئی گیس ملنے کے بعد ان کی زندگی میں آئی تبدیلی کے بارے میں معلومات حاصل کیا۔اس موقع پر مرکزی وزیر پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے تیل اور قدرتی گیس وزارت کے ایکشن پلان کی تفصیلات پیش کیں جبکہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افتتاحی کلمات میں بندیل کھنڈ میں جاری ترقیاتی پروجکٹوں کے بارے میں وزیر اعظم کو جانکاری دی۔ پروگرام میں ریاست کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ، ڈاکٹر دنیش شرما اور مرکزی وزیر مملکت برائے پٹرولیم و گیس رامیشور تیلی بھی موجود رہے۔اس موقع پر ایک چھوٹی سے فلم بھی دکھائی گی۔