فرار ہونے والے ایک یا دو جنگجوؤں کی تلاش جاری: مکیش سنگھ
یی این آئی
جموں؍؍ جموں و کشمیر پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ کا کہنا ہے کہ ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں چار روز قبل سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم کے دوران ایک یا دو جنگجو فرار ہوئے تھے جن کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مفرور جنگجوؤں کو جلد ہی پکڑا یا مارا جائے گا۔بتا دیں کہ ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں 6 اگست کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان مسلح تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو جنگجو مارے گئے تھے جبکہ سرکاری ذرائع کے مطابق ایک جنگجو جائے تصادم آرائی سے بھاگ کر کہیں چھپ گیا تھا۔مکیش سنگھ نے منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کو اس تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کئی دنوں سے جنگجوؤں کے ایک گروپ کے پیچھے لگی ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ چھ اگست کو مصدقہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے تھنہ منڈی میں ایک تلاشی آپریشن شروع کر دیا اور اس آپریشن کے دوران دو جنگجو مارے گئے جبکہ وہاں ایک یا دو جنگجو ابھی چھپے ہونے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چھپے ہوئے جنگجوؤں کی تلاش جاری ہے اور ان کو جلد ہی پکڑا یا مارا جائے گا۔موصوف اے ڈی جی پی نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے دو اے کے47 رائفلیں، نو میگزین اور دیگر کچھ اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔