افسران سے 33 اور 11 کے وی پر ٹرپنگ کے معاملات حل کرنے کو کہا
بجلی چوری کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ، عملہ جوابدہ ہو گا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل نے محکمہ بجلی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ 33 اور 11 کے وی کی سطح پر ٹرپنگ کے مسائل اور کم وولٹیج کے امور کو فوری طور پر حل کریں ۔ کنسل جموں ضلع کے مختلف پاور سٹیشنوں کے وسیع دورے پر تھے ۔ اس دورے کا مقصد جموں کو بجلی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانا تھا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چئیر مین جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ جگموہن شرما ، ایم ڈی جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ گُرمیت سنگھ ، چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران تھے ۔ دورے کے دوران کنسل نے مختلف رسیونگ سٹیشنوں کا معائینہ کیا جن میں گجنسو ، مڑھ ، پُرکھو اور برنائی شامل ہیں اور جہاں مختلف خامیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان خامیوں کو جلد دور کریں ۔ روہت کنسل نے برن گرڈ سٹیشن کا بھی دورہ کیا جو جلد ہی عوام کے نام وقف کیا جائے گا اور کینال گرڈ سٹیشن میں محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی ۔ انہوں نے کارکنوں کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات اور سامان کے ساتھ سختی سے عمل کرنے کے علاوہ مناسب دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی پر شزور دیا ۔ بعد میں انہوں نے سپلائی کی مجموعی صورتحال اور دیگر امور کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ انہوں نے اعلیٰ افسران کو ہدایت دی کہ بجلی کی بندش ، وولٹیج ڈراپ اور دوروں کی تاریخ اور وقت کے بارے میں باقاعدہ رپورٹ پیش کریں ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجلی چوری کا خاتمہ اور نقصانات کو کم کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے چیف انجینئر سے ماہانہ رپورٹس پیش کرنے کو کہا جن میں انسپیکشن ، آمدنی سے حاصل ہونے والی رقم اور جرمانہ کی وصولی سے متعلق افسران جونئیر انجینئر کی سطح سے لیکر اے ای ای کی سطح تک تفصیلات فراہم کریں ۔ روہت کنسل نے کہا کہ غیر قانونی کنکشنوں کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اس عمل میں ملوث پائے جانے والے قصور واروں پر جرمانہ عائد کریں ۔