منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان دوری بڑھتی جارہی ہے:سیدالطاف بخاری
ؒلازوال ڈیسک
سرینگر؍؍اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جمعرات کے روز جموں و کشمیر میں عوامی ترسیل کے اداروں پر بہت زیادہ اثر انداز ہونے والے گورننس خسارے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔پارٹی صدر مقام سرینگر میں یک روزہ صوبائی سطحی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان دوری بڑھتی جارہی ہے۔ جموں وکشمیر کے لوگ سخت پریشان حال ہیں اور بدقسمتی سے بیشتر افسران اُن کی مشکلات سننے اور حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا’’لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کرنے کے لئے دربدر ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں، لوگوں میں احساس ِ محرومی ہے جس کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اُن کی مشکلات کو زمینی سطح پر حل کرنے کا واحد حل یہ ہے کہ انہیں حکومت کی صورت میں نمائندگی دی جائے‘‘۔انہوں نے حکومت ِ ہند سے گذارش کی کہ فاسٹ ٹریک بنیاد پر حد بندی عمل شروع کیاجائے اور مقررہ مدت کے اندر جموں وکشمیر میں جلد سے جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔زمینی سطح پر پارٹی مضبوط کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے بخاری نے پارٹی قیادت سے کہاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں عوام تک رسائی کیلئے کیڈر کو متحرک کریں۔ انہوں نے کہا’’ایسا نہیں کہ ہم اقتدار میں آئے بغیر کچھ حاصل نہیں کرسکتے، لیکن ہمیں لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کی تکمیل کے لئے بہت کچھ کرنا ہے، پارٹی کے ہر ورکر اور لیڈر کو پارٹی کے سماجی۔ سیاسی اور اقتصادی ایجنڈے کو جموں وکشمیر کے اطراف واکناف تک پہنچانے کے لئے کام کرنا چاہئے۔ اِس اجلاس میں متعدد پارٹی سنیئرلیڈران، ضلع صدور،کارڈی نیٹرز، یوتھ لیڈران، ڈی ڈی سی اور بلدیاتی اداروں کے ممبران نے تنظیمی امور پر اپنے تاثرات پیش کئے اور فیڈ بیک دی۔ پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، سنیئر لیڈر اور سابقہ وزیر دلاور میر، نائب صدر ظفر اقبال منہاس اور عثمان مجید، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشر ف میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، چیف کارڈی نیٹر اور انچارج ضلع کولگام عبدالمجید پڈر، ترجمان جاوید حسن بیگ، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ریاستی یوتھ صدر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن میئرجنید عظیم متو، صوبائی نائب صدر جگموہن سنگھ رینہ، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر، ضلع صدرکپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدربارہمولہ شعیب لون، ضلع صدرپلوامہ غلام احمد میر، کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر سید ایس غیور اندرابی، کارڈی نیٹر شمالی کشمیر محمود بیگ، صوبائی سیکریٹری جاوید مرچال، عبدالرشید ہارون، نذیر وانی ڈیلگامی، عرفان متو، اپنی پارٹی سنیئرلیڈر اور میونسپل کمیٹی اننت ناگ چیئرمین ہلال احمد شاہ، جنرل سیکریٹری یوتھ مظفر ریشی، صوبائی یوتھ صدر خالد راٹھور، ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن سرینگر ملک آفتاب، ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن شوپیان بلقیس، ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن سرینگر بلال بھٹ اور ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن شوپیان عرفان منہاس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔