نئی دہلی،// روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزي وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ پوری دنیا یوگا اور آیور وید کی طرف راغب ہو رہی ہے یہی وجہ ہے کہ 21 جون کو پوری دنیا میں عالمی یوم یوگا کے طور پر منایا جاتا ہے وزارت آیوش کے تعاون سے سوریہ فاؤنڈیشن اور انٹرنیشنل نیچروپیتھی آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ساتویں عالمی یوم یوگا کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ آج پوری دنیا یوگا، نیچروپیتھی، آیور وید اور ہندوستانی ثقافت کو تسلیم کررہی ہے اور اس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگا اور آیور وید ہندوستان کی بہت بڑی طاقتیں ہیں۔ ہمارے رشی منی اور سادھو وسنیاسیوں نے ہمالیہ میں رہ کر اس یوگا سائنس کا مطالعہ اور تحقیق کی تھی۔
انہوں نے اپنا تجربہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ خود روزانہ یوگا اور پرانیام کرتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کی صحت بہتر ہوئی ہے اور وہ خود بہت اچھا محسوس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران، یوگا اور قدرتی علاج کی سرگرمیوں سے بہت فائدہ ملا ہے۔ اس لئے، یوگا ، نیچروپیتھی اور آیوروید کی صحت میں ہونے والے مثبت اور موثر نتائج کے پیش نظر ، اس میدان میں تحقیق کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔