کیمپ کا بنیادی مقصد علاقے کے ضرورت مند لوگوں تک مفت صحت کی سہولیات فراہم کرناتھا
لازوا ل ڈیسک
جموں// شہریوں کی فلاح و بہبود کو جاری رکھتے ہوئے، 76 بٹالین سی آر پی ایف نے آج یہاں جموں و کشمیر کے محکمہ صحت کے اشتراک سے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول، نوآباد میں سوک ایکشن پروگرام کے تحت ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔ جبکہ اس صحت کیمپ کا انعقاد آئی جی جموں سیکٹر سندیپ کھیروار اور ڈی آئی جی جموں رینج رمیش کمار کی رہنمائی میں کیا گیا۔کیمپ کا بنیادی مقصد علاقے کے ضرورت مند لوگوں تک مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ان کی صحت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس دوارن میڈیکل آفیسرڈاکٹر ایس سومیا، 76 بٹالین، سی آر پی ایف اور ڈاکٹر رمپی سنگرال، میڈیکل آفیسر کی ایک ٹیم نے تقریباً 250 شہریوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔وہیںٹی ایچ خان، کمانڈنٹ سی آر پی ایف نے سوک ایکشن پروگرام کا افتتاح کیا اور علاقے کے تمام لوگوں سے باقاعدگی سے جسمانی ورزش کرکے فٹ رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے انہیں صحت مند طرز زندگی اور حفظان صحت کو برقرار رکھنے کے لیے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے مقامی لوگوں اور فورس کے درمیان خوشگوار تعلقات کو برقرار رکھنے میں سی آر پی ایف کے کردار کی بھی وضاحت کی۔